ملک میں گندم اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان درآمدی گندم کی ایک اور بڑی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے۔ رومانیہ سے آنے والا بحری جہاز ہزاروں ٹن گندم لے کر کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا۔
میڈیا تفصیلات کے مطابق ایم وی کاراوس نامی جہاز 58 ہزار 488 میٹرک ٹن گندم لے کر کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایل ٹرمینل کی برتھ نمبر 14 اور 15 پر پہنچا ہے۔ یہ گندم کراچی اور سندھ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمد کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گندم کی درآمد کا یہ تیسرا جہاز ہے جو کے جی ٹی ایل ٹرمینل پر پہنچا ہے۔ اس سے قبل بھی2 بڑے بلک کیریئرز ایک لاکھ ٹن سے زائد گندم لے کر کراچی پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب گریٹ رینبو نامی جہاز خیبر پختونخوا کے لیے 50 ہزار ٹن سے زائد درآمدی گندم ٹرمینل پر اتار رہا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اب تک 3 بحری جہازوں کے ذریعے ایک لاکھ 60 ہزار ٹن سے زائد گندم درآمد کر چکی ہے۔
گندم کی درآمد کے باوجود آٹا مہنگا کیوں؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ ملک میں گندم کی بڑی مقدار پہنچنے کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں کمی کا واضح اثر نظر نہیں آ رہا۔ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں گندم اور آٹے کی قیمتیں بدستور عوام کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔
حکام کو توقع ہے کہ درآمدی گندم کی مسلسل آمد سے ملکی ذخائر میں اضافہ ہوگا، مارکیٹ میں رسد بہتر ہوگی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا راستہ ہموار ہوسکے گا۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ جب لاکھوں ٹن گندم بیرون ملک سے منگوائی جا رہی ہے تو عام شہری کو سستا آٹا کب ملے گا؟