برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ نے اپنے سالانہ خصوصی شمارے ’دی ورلڈ اہیڈ 2027‘ کا سرورق جاری کرتے ہوئے عالمی سیاست، علاقائی تنازعات، معاشی دباؤ، موسمیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے جڑے 10 اہم عالمی رجحانات کا ابتدائی تجزیہ پیش کر دیا ہے۔
1۔ ٹرمپ کے بعد امریکی سیاست کا مستقبل
سال 2027 میں امریکی سیاست کا اہم ترین سوال صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد کے سیاسی منظرنامے سے متعلق ہوگا۔ وسط مدتی انتخابات کے بعد صدارتی جانشینی کی دوڑ شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم جریدے کے مطابق ٹرمپ اپنی مدت صدارت کے آخری مرحلے میں بھی سیاسی طور پر فعال رہیں گے۔
صدارتی احکامات، قانونی تنازعات، سرکاری منصوبوں میں تبدیلیوں، بڑے تعمیراتی منصوبوں اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے ذریعے ان کے سیاسی اثر و رسوخ کے برقرار رہنے کی توقع ہے۔ عالمی سطح پر بھی اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ٹرمپ کے بعد امریکا کی داخلی اور خارجہ پالیسی کس سمت اختیار کرتی ہے۔
2۔ ایران تنازع اور عالمی غذائی تحفظ کو لاحق خطرات
ایران کے ساتھ تنازع 2027 میں بھی عالمی سیاست اور معیشت پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ جریدے کے تجزیے کے مطابق تنازع کے مستقل اور واضح حل کے امکانات محدود ہیں، جس کے باعث خطے میں غیر یقینی صورت حال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
ایران کے خلاف امریکی جنگ سے عالمی سطح پر امریکا کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اتحادیوں کے اعتماد اور مخالفین کے رویوں میں تبدیلی آسکتی ہے۔ اس کے اثرات مشرق وسطیٰ کی سیاست اور عالمی توانائی کی ترسیل کے علاوہ غذائی تحفظ تک پھیل سکتے ہیں، بالخصوص کھاد کی ممکنہ قلت زرعی پیداوار اور عالمی خوراک کی فراہمی کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے، جبکہ دوسری جانب ایران میں حکمران نظام کی جانب سے اپنی گرفت مزید مضبوط کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
3۔ موسمیاتی تبدیلی اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ
موسمیاتی تبدیلی 2027 کے اہم عالمی چیلنجز میں شامل ہوگی۔ جریدے نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ سال ریکارڈ کے گرم ترین سالوں میں شامل ہوسکتا ہے جبکہ سپر ال نینو کا موسمی رجحان دنیا کو شدید موسمی حالات کی ایک جھلک دکھا سکتا ہے ، اس کے نتیجے میں خشک سالی، شدید گرمی کی لہروں، جنگلات میں آتشزدگی اور غیر معمولی موسمی واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تاہم قابل تجدید توانائی، بالخصوص شمسی اور ہوائی توانائی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور عالمی توانائی کی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
4۔ مصنوعی ذہانت کے خلاف بڑھتا ہوا ردعمل
مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ اس کے معاشی، تکنیکی اور سماجی اثرات بھی 2027 میں اہم موضوع رہیں گے۔ اے آئی کمپنیوں میں بڑھتی سرمایہ کاری، قرضوں اور پیچیدہ مالیاتی معاہدوں کا حجم مالیاتی منڈیوں کے لیے خطرات پیدا کرسکتا ہے۔
اگر اس شعبے میں سرمایہ کاری کا بلبلہ پھٹتا ہے تو اس کے اثرات عالمی معیشت تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ جدید اے آئی ماڈلز سائبر حملوں کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں، جبکہ سپلائی چینز سے وابستہ سیاسی خطرات بھی حکومتوں کے لیے نئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ ملازمتوں کے خاتمے اور ڈیٹا سینٹرز میں پانی و بجلی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے متعلق خدشات اس کے خلاف عوامی ردعمل کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔
5۔ یورپ میں دائیں بازو کی سیاست اور فرانس جرمنی اختلافات
یورپ میں دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاست کا فروغ 2027 کا پانچواں اہم رجحان ہوگا ، اس حوالے سے فرانس کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی، جہاں نیشنل ریلی کی رہنما میرین لی پین کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کے امکانات کو ایک بڑی سیاسی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ ایسی صورت میں اس کے اثرات پورے یورپی یونین کی سیاسی سمت پر مرتب ہوسکتے ہیں۔
فرانس اور جرمنی یورپی اتحاد کے بنیادی محرک سمجھے جاتے ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات مشترکہ پالیسیوں اور فیصلہ سازی کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں، ساتھ ہی فرانس کے بھاری سرکاری قرضوں اور کمزور مالیاتی صورت حال پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
6۔ عالمی قرضوں میں اضافہ اور بانڈ مارکیٹ کا دباؤ
عالمی معیشت کو درپیش ایک اور بڑا چیلنج سرکاری قرضوں اور بانڈ مارکیٹ میں بڑھتا ہوا دباؤ ہوگا۔ دنیا کی بڑی معیشتیں سرکاری اخراجات، مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگے قرضوں کے مسئلے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔
قرضوں کے حصول کی لاگت میں اضافے سے حکومتوں کے علاوہ کمپنیوں اور عام گھرانوں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، بانڈ مارکیٹ میں دباؤ بڑھنے سے حکومتوں کے لیے قرضوں کی ادائیگی اور نئے مالی وسائل کا حصول مزید مہنگا ہوجائے گا، جو بالآخر عالمی مالیاتی نظام کو کسی بڑے فیصلے یا ممکنہ بحران سے دوچار کرسکتا ہے۔
7۔ چین اور تائیوان کے درمیان ممکنہ تصادم
چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی بھی 2027 کے اہم ترین عالمی معاملات میں شامل ہوگی۔ یوکرین اور ایران کے تنازعات نے واضح کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نسبتاً چھوٹی طاقتیں بھی بڑی فوجی قوتوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں ، ایسے میں سوال یہ ہے کہ جنگ کی بدلتی نوعیت چین کے تائیوان سے متعلق عزائم پر کس طرح اثرانداز ہوگی۔
چینی صدر شی جن پنگ نے مبینہ طور پر 2027 تک فوج کو تائیوان پر قبضے کی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے، تاہم فوجی تیاری اور عملی حملے کا فیصلہ دو الگ معاملات ہیں ، امریکا کی دیگر عالمی ترجیحات میں مصروفیت کے تناظر میں یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ چین تائیوان کے خلاف کوئی عملی اقدام کرتا ہے یا 2028 کے تائیوان انتخابات کے نتائج کا انتظار کرتا ہے۔
8۔ وزن کم کرنے والی ادویات کے معاشی اور سماجی اثرات
وزن کم کرنے والی ادویات کی بڑھتی مقبولیت 2027 کا آٹھواں اہم رجحان ہوگا ، اوزیمپک اور اس جیسی ادویات نے صحت کے شعبے کے ساتھ ساتھ صارفین کے طرزِ زندگی اور خریداری کے رجحانات کو بھی متاثر کیا ہے۔ ان ادویات کے استعمال سے وزن کم کرنے والے افراد کپڑوں، کاسمیٹکس اور فٹنس مصنوعات پر زیادہ اخراجات کرسکتے ہیں، جسے جریدے نے ’ریوینج شاپنگ‘ کا نام دیا ہے۔ ان ادویات کی کامیابی نے دوا ساز کمپنیوں کی توجہ عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرنے اور انسانی زندگی کا دورانیہ بڑھانے والی ادویات کی تیاری کی جانب بھی مبذول کرائی ہے۔
9۔ خلائی ٹیکنالوجی اور راکٹ لانچنگ کے اخراجات میں کمی
خلائی ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور راکٹ لانچ کرنے کی لاگت میں کمی 2027 کا نواں اہم رجحان ہوگا۔ اسپیس ایکس کا بڑا راکٹ اسٹارشپ 2027 میں مصنوعی سیاروں کو خلا میں پہنچانے کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کرسکتا ہے، جبکہ دوسری جانب چین کی راکٹ ساز کمپنیاں بھی دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹ بوسٹرز کی صلاحیت کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔
خلائی سفر اور سیٹلائٹ لانچ کرنے کے اخراجات میں کمی سے نجی خلائی اسٹیشنوں کے قیام اور خلا میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے منصوبوں کو تقویت مل سکتی ہے۔
10۔ فکشن اور حقیقت کا فاصلہ کم، عالمی فلمی صنعت میں تبدیلی
عالمی فلمی صنعت میں تبدیلیاں 2027 کا دسواں اہم رجحان ہوں گی۔ اس سال مشہور فلمی سلسلے ’اسٹار وارز‘ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر اس کی دوبارہ نمائش اور نئی فلم کے ذریعے اسے نئے انداز میں پیش کرنے کا منصوبہ ہے، اسی طرح ایونجرز کی واپسی اور جیمز بانڈ کی نئی فلم بھی متوقع ہے تاہم اصل سوال یہ ہوگا کہ آیا شائقین بڑے فلمی اسٹوڈیوز کی روایتی فلموں میں دلچسپی برقرار رکھیں گے یا یوٹیوب سے وابستہ تخلیق کاروں کی کم بجٹ والی فلمیں ان کی ترجیحات تبدیل کردیں گی۔
دی اکانومسٹ کے مطابق جدید دنیا میں سائنس فکشن اور حقیقی زندگی کے درمیان فاصلہ تیزی سے کم ہورہا ہے ، خلا میں ڈیٹا سینٹرز، خودکار گاڑیاں، انسانی شکل کے روبوٹس، ڈرون جنگ، طاقتور مصنوعی ذہانت اور وزن کم کرنے والی جدید ادویات اس تبدیلی کی نمایاں مثالیں ہیں۔
واضح رہے کہ جریدے کا یہ سالانہ خصوصی شمارہ 21 نومبر کو پرنٹ ایڈیشن میں شائع ہوگا، جبکہ اس کا آن لائن ایڈیشن اس کے فوراً بعد دستیاب ہوگا۔