پانی کے نام پر 171 ارب ڈکار لیے، کراچی کے نلکے پھر بھی خشک، بلاول بھٹو کی گورننس کا پول کھل گیا

پانی کے نام پر 171 ارب ڈکار لیے، کراچی کے نلکے پھر بھی خشک، بلاول بھٹو کی گورننس کا پول کھل گیا

پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ میں گزشتہ 18 سالہ طویل حکمرانی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترقیاتی دعووں کی قلعی ایک مرتبہ پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

 ملک کے معاشی حب اور سب سے بڑے شہر کراچی کی پیاس بجھانے کے لیے شروع کیا گیا عظیم الشان گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم یعنی ‘کے-فور’ (K-IV) منصوبہ صوبائی حکومت کی مبینہ نااہلی، مجرمانہ تاخیر اور بے تحاشا کرپشن کی بھینٹ چڑھ چکا ہے جس کے نتیجے میں اس منصوبے کی لاگت 15 ارب روپے سے ایک ہزار فیصد سے بھی زیادہ بڑھ کر 171 ارب 81 کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے مگر شہرِ قائد کے کروڑوں شہری آج بھی اپنے حصے کے آدھے پانی سے محروم ہیں۔

 شہری حقوق کی تنظیموں اور معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ وفاقی سطح پر جمہوریت، گورننس اور عوامی خدمت کے بلند بانگ لیکچر دینے والے بلاول بھٹو زرداری اپنے ہی صوبے کے سب سے بڑے شہر کو پینے کے صاف پانی کا ایک قطرہ اضافی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔

 دستاویزی حقائق کے مطابق جب کے-فور منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا تو اس کی ابتدائی لاگت محض 15 ارب روپے کے لگ بھگ تھی اور اسے چند برسوں میں مکمل ہونا تھا، تاہم سندھ حکومت کی سست روی، ناقص منصوبہ بندی، مبینہ کمیشن مافیا اور بار بار کے ڈیزائن کی تبدیلیوں نے اس منصوبے کو سفید ہاتھی بنا کر رکھ دیا ہے۔

لاگت میں 1,000 فیصد سے زائد اضافہ، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ

 کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی لاگت میں ایک ہزار فیصد سے زائد کا اضافہ دنیا بھر میں بدانتظامی اور کرپشن کی بدترین مثال تصور کیا جاتا ہے۔ 15 ارب روپے سے شروع ہونے والا منصوبہ 171.81 ارب روپے تک پہنچنے کے باوجود تاحال پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا جس کا براہِ راست بوجھ قومی خزانے اور ٹیکس دہندگان پر پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:15 کھرب کی کرپشن اور بے نامی جائیدادوں کے احتساب کا ڈر، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کا نیا سیاسی گٹھ جوڑ بے نقاب

 شہری حلقوں کا سوال ہے کہ آخر وہ کون سے عناصر ہیں جنہوں نے اس منصوبے کو جان بوجھ کر لٹکائے رکھا تاکہ اس کی لاگت میں اضافہ کر کے اربوں روپے کے ٹھیکوں اور کمیشن کا کھیل کھیلا جا سکے؟

 بلاول بھٹو زرداری دیگر صوبوں اور وفاقی نظام پر تو تنقید کے تیر برساتے ہیں، مگر انہیں کراچی کے شہریوں سے لوٹے گئے ان 171 ارب روپے کا کوئی حساب دینے کی توفیق نہیں ہوتی۔

آدھے پانی سے محروم کراچی اور ٹینکر مافیا کا راج

 کراچی کو روزانہ تقریباً 1200 ملین گیلن (MGD) پانی کی ضرورت ہے، لیکن شہریوں کو بمشکل آدھا پانی بھی میسر نہیں آ رہا۔ ایک طرف کے-فور منصوبہ تاخیر کا شکار ہے تو دوسری طرف پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں سے پانی چوری کر کے ‘ٹینکر مافیا’ کے ذریعے شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔

 یہ محض انتظامی غفلت نہیں بلکہ ایک منظم گٹھ جوڑ ہے جس کے تحت کے-فور منصوبے کو جان بوجھ کر مکمل نہیں ہونے دیا گیا تاکہ شہر میں مصنوعی قلت برقرار رہے اور ٹینکر مافیا کی اربوں روپے کی کمائی جاری رہ سکے۔

بلاول بھٹو کا دوہرا معیار اور عوامی سوالات

 چیئرمین پیپلز پارٹی کراچی پریس کلب میں کھڑے ہو کر نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے پر خون بہانے کی دھمکیاں تو دیتے ہیں، مگر جب شہری یہ سوال کرتے ہیں کہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی میں کراچی سے اربوں روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنے کے باوجود کے-فور منصوبہ مکمل کیوں نہیں ہوا تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کے-فور منصوبے کی لاگت 15 ارب سے 171.81 ارب روپے تک پہنچنے اور سالہا سال کی مجرمانہ تاخیر کا مکمل فارنزک آڈٹ کرایا جائے تاکہ بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی مبینہ نااہلی اور کرپشن کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles