حکومت کے مزے بھی اور اپوزیشن کا شوق بھی،دونوں بیک وقت نہیں چل سکتے،احسن اقبال کا بلاول بھٹو کو کرارا جواب

حکومت کے مزے بھی اور اپوزیشن کا شوق بھی،دونوں بیک وقت نہیں چل سکتے،احسن اقبال کا بلاول بھٹو کو کرارا جواب

وفاقی وزیر احسن اقبال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مؤقف تضادات سے بھرپور ہے۔ اتحادی حکومت کا حصہ بن کر حکومتی فیصلوں پر تنقید کرنا دوہرا معیار ہے۔ حکومت میں شامل جماعتوں کو فیصلوں کی ذمہ داری بھی قبول کرنا ہوگی۔

احسن اقبال نے بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب آپ خود حکومتی فیصلوں کا حصہ رہے ہیں تو اب انہی فیصلوں پر تنقید کیوں کر رہے ہیں؟ حکومت میں شامل رہتے ہوئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا طرزعمل بیک وقت نہیں چل سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  اتحادی حکومت میں شامل جماعتیں اپنی مرضی کے مطابق حکومتی فیصلوں سے لاتعلقی اختیار نہیں کرسکتیں۔ حکومت کا حصہ بننے کا مطلب صرف اقتدار میں شراکت داری یا اچھے فیصلوں کا کریڈٹ لینا نہیں بلکہ مشکل فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنا بھی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی جماعت حکومتی اتحاد میں شامل ہے اور اس کے نمائندے آئینی عہدوں پر بھی فائز ہیں تو اسے حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں کی ذمہ داری سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
 احسن اقبال نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ حکومتی اتحاد میں رہتے ہوئے اچھے فیصلوں کی کامیابی اپنے نام کی جائے جبکہ جن فیصلوں پر تنقید ہو ان سے لاتعلقی ظاہر کردی جائے۔ حکومت میں شمولیت کے ساتھ ذمہ داری بھی آتی ہے اور اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر کے اس ردعمل نے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے درمیان پالیسی فیصلوں اور سیاسی مؤقف کے حوالے سے اختلافات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔
 ان کا بنیادی مؤقف یہی ہے کہ اتحادی حکومت میں شراکت داری رکھنے والی جماعتوں کو حکومتی فیصلوں پر تنقید کرتے وقت اپنے مشترکہ کردار اور ذمہ داری کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔

editor

Related Articles