نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آچکے ہیں۔ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ حکومتی فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے کروڑوں شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور ایران کے تنازع کے دوران پاکستان میں اپریل 2026 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ 3 اپریل کو پیٹرول 458 روپے جبکہ ڈیزل 520 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے۔ پیٹرولیم پالیسی میں تبدیلیاں کی گئیں اور بنیادی نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔ ان اقدامات کے ساتھ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی سے پاکستان میں بھی عوام کو ریلیف ملا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 18 نومبر کو ملک میں پیٹرول کی قیمت 325 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 358 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ اپریل کی بلند ترین سطح کے مقابلے میں پیٹرول 133 روپے اور ڈیزل 162 روپے فی لیٹر سستا ہوچکا ہے۔
کروڑوں صارفین کیلئے سبسڈی
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے فیول سبسڈی اسکیم کے تحت بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ اس اسکیم سے موٹر سائیکل مالکان اور صارفین مستفید ہورہے ہیں۔ رکشوں اور 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان بھی اس سہولت میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ مستحقین تک پہنچ چکی ہے جبکہ روزانہ مزید صارفین رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے