برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، پاکستان ہائی کمیشن لندن نے انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ کنکشن اور اس سے منسلک سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
اس تکنیکی خرابی کے نتیجے میں ہائی کمیشن میں نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق خدمات فراہم کرنے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ تینوں سروسز آئندہ اطلاع تک معطل رہیں گی۔
فیصلے کے باعث ان پاکستانی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو لندن میں ہائی کمیشن کے ذریعے شناختی دستاویزات، پاسپورٹ یا ویزا سے متعلق امور مکمل کرانا چاہتے ہیں۔
پاکستان ہائی کمیشن نے تاہم وضاحت کی ہے کہ تمام خدمات بند نہیں کی گئیں۔ دستاویزات کی تصدیق کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا اور اس سلسلے میں شہری اپنی درخواستوں سے متعلق خدمات حاصل کرسکیں گے۔
ہائی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سروسز کی بحالی کے حوالے سے مزید اطلاع بعد میں دی جائے گی۔ فی الحال نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق درخواستوں کے لیے شہریوں کو بحالی کے اعلان کا انتظار کرنا ہوگا۔