صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے مؤقف پر ایک بار پھر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اگر ایک صوبے میں انتظامی تقسیم کی ضرورت تسلیم کی جاتی ہے تو دوسرے صوبے میں اسی اصول کی مخالفت کیوں کی جاتی ہے؟ اس معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز کو بھی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبل ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کی بات دراصل اس بنیادی سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش ہے کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف سندھ اور پنجاب کے معاملے میں مختلف کیوں ہے ۔
ایک صوبے میں انتظامی یا جغرافیائی تقسیم کی گنجائش تسلیم کی جاتی ہے تو دوسرے صوبے کے معاملے میں اس اصول سے انحراف کی وجہ بھی واضح ہونی چاہیے۔
پارلیمانی ریکارڈ کا حوالہ
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے مؤقف کی تائید میں ماضی کی پارلیمانی کارروائیوں کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2012 میں پنجاب کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قومی اسمبلی میں قرارداد منظور ہوئی تھی۔ اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اس قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔
اسی طرح 9 مئی 2012 کو پنجاب اسمبلی نے بہاولپور صوبے کی بحالی اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں دو قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی تھیں۔ ان قراردادوں کی پیپلز پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے حمایت کی تھی۔
ملک احمد خان نے سوال اٹھایا کہ جب پیپلز پارٹی ماضی میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادوں کی حمایت کرچکی ہے تو اب سندھ کے معاملے میں مختلف مؤقف کیوں اختیار کیا جارہا ہے؟ ۔
ریفرنڈم اور آئینی راستہ
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر بات چیت اور مکالمے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ ریفرنڈم کا طریقہ آئین میں موجود ہے اور عوام کی رائے معلوم کرنے میں کوئی ممانعت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے صدر آصف علی زرداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خوبی ہے کہ وہ دوسروں کی بات سنتے ہیں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ملک احمد خان کے مطابق اس اہم معاملے کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور پارلیمانی عمل کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے۔