بدامنی کے نام پر مفادات کا تحفظ ! دہشتگردی کے سائے میں ووٹنگ ممکن، تو ریفرنڈم پر خون خرابے کا شور کیوں؟

بدامنی کے نام پر مفادات کا تحفظ ! دہشتگردی کے سائے میں ووٹنگ ممکن، تو ریفرنڈم پر خون خرابے کا شور کیوں؟

ملک میں نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کے لیے مجوزہ آئینی ریفرنڈم کی بحث نے شدت اختیار کر لی ہے ، جہاں ریفرنڈم کے حامی حلقے فروری 2024 کے عام انتخابات کی مثال دیتے ہوئے امن و امان کے خدشات پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

 2024 دہشتگردی کے خطرات کے درمیان انتخابات

 تجزیہ کاروں اور حکومتی و اتحادی حلقوں کے مطابق فروری 2024 کے عام انتخابات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستانی قوم اور ریاستی ادارے شدید سیکیورٹی چیلنجز اور دہشت گردی کے خطرات کے باوجود ووٹنگ کا عمل مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان انتخابات سے قبل اور دورانِ عمل سیکیورٹی الرٹس اور کشیدہ فضا کے باوجود کروڑوں ووٹرز پولنگ اسٹیشنز تک پہنچے اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

حامیوں کا استدلال ہے کہ جب اتنے بڑے انتخابی معرکے کو ووٹنگ کے مرحلے تک لے جایا جا سکتا ہے، تو ایک مخصوص سوال پر رائے شماری یا ریفرنڈم کے نام پر “خون خرابے” کی پیش گوئیاں محض دباؤ ڈالنے کی سیاست لگتی ہیں۔ ان کے بقول، ووٹ کا عمل بذاتِ خود بدامنی پیدا نہیں کرتا؛ بدامنی کا خوف اس وقت پیدا کیا جاتا ہے جب کوئی فریق براہِ راست عوامی رائے کے سامنے آنے سے گریزاں ہو۔

اصل گھبراہٹ سیکیورٹی کی نہیں، نتیجے کی ہے

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ریفرنڈم کی مخالفت کرنے والا طبقہ امن و امان سے زیادہ ممکنہ نتیجے کے خوف میں مبتلا ہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ اگر کسی بیانیے یا موجودہ انتظامی ڈھانچے کو واقعی عوامی تائید حاصل ہے، تو اسے عوامی فیصلے سے خوف کیوں ہونا چاہیے؟

مبصرین کے مطابق، نئے صوبوں یا انتظامی اکائیوں کے قیام کی بات آتے ہی جن حلقوں کی سیاسی یا علاقائی گرفت کمزور پڑنے کا اندیشہ پیدا ہوتا ہے، وہ معاملے کو انتظامی اصلاحات اور عوامی سہولت کے بجائے خوف اور جذبات کی فضا میں دھکیل دیتے ہیں۔ ایک سینئر سیاسی مبصر کے بقول: “جب کسی طبقے کو یہ خدشہ ہو کہ براہِ راست عوامی رائے میں اس کا مؤقف کمزور پڑ سکتا ہے، تو وہ سب سے پہلے عمل کو ہی متنازع اور خطرناک قرار دینے کی حکمت عملی اپناتا ہے۔”

عوامی رائے بمقابلہ سیاسی اجارہ داری

ریفرنڈم کے حامیوں کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں بڑے فیصلوں کا حتمی حق عوام کے پاس ہونا چاہیے ،  ان کے مطابق، اگر عوام سے براہِ راست پوچھا جائے کہ آیا وہ بہتر طرزِ حکمرانی اور قریبی انتظامی سہولت کے لیے نئی اکائیاں چاہتے ہیں یا نہیں، تو اس سے جمہوری عمل کو تقویت ملتی ہے،  عوام کو “خطرناک” یا “غیر ذمہ دار” سمجھ کر رائے شماری سے روکنا عوامی شعور کی نفی کے مترادف ہے۔

حال ہی  میں وفاقی وزیر صحت و ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی اسی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر تنقید کی ، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آئین میں عوامی رائے جاننے کی گنجائش موجود ہے، اور اگر سندھ حکومت نے واقعی کارکردگی دکھائی ہے تو اسے نئے صوبوں یا ریفرنڈم کی بات سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

اسی طرح استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں سے کسی کی حکمرانی سکڑنے کا خدشہ نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس کے بغیر عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر عوامی رائے جاننے کا آئینی طریقہ ریفرنڈم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان بھر کےعوام نے مہنگائی، بیروزگاری و بدانتظامی سے نجات کیلئے نئے انتظامی یونٹس کی حمایت کر دی

تجزیہ کاروں کے اس طبقے کے نزدیک عوامی رائے شماری سے صرف وہی سیاسی قوتیں خوفزدہ ہوتی ہیں جنہیں عوام کے براہِ راست فیصلے میں اپنے سیاسی غلبے یا اثر و رسوخ کے خاتمے کا خطرہ ہوتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ انتظامی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے ممکنہ بدامنی کا خدشہ ظاہر کرتی ہیں۔

editor

Related Articles