متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو پورے پاکستان کے لیے دھمکی قرار دیتے ہوئے عدالتوں، وفاقی حکومت اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پورے پاکستان کو دھمکی دی ہے، اس معاملے پر عدالتوں کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ وفاقی حکومت اور امن و امان قائم کرنے والے ادارے بھی بلاول بھٹو کے خونریزی سے متعلق بیان کا نوٹس لیں۔
خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو پر نسل پرستانہ سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عزیر بلوچ سے دوبارہ خونریزی کرانی ہے؟ اگر پورے پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی بات ہو رہی ہے تو پھر کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں ہی خونریزی کا خدشہ کیوں ظاہر کیا جا رہا ہے؟ سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کون کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مصنوعی اکثریت کی بنیاد پر سندھ میں حکمرانی کر رہی ہے، جبکہ ان کے بقول سندھ کی 65 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کر چکی ہے۔ پاکستان کو کسی صورت لسانی تفریق اور تقسیم کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان سے رابطہ کرکے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور 29 نومبر کو کراچی میں ہونے والی ریلی پر نظرثانی کرنے کا کہا ہے۔ ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
