بلاول بھٹو نے دو دن لمبے چوڑے بھاشن دیے اور اپنی رائے دی جو کافی سوالات کو جنم دیتی ہیں ،ر فرینڈم کا مطلب عوام کی رائے لینا ہے۔ اگر آپ عوام کی مقبول جماعت ہیں تو پھر عوام میں جانے کا ڈر کیسا؟؟
نئے صوبے پاکستان کے پرچم تلے ایک انتظامی تقسیم ہے۔ اس انتظامی تقسیم سے سندھ دھرتی کو کس چیز کا خطرہ ہے؟ جب بلاول کے نانا ذولفقار علی بھٹو وزیر اعظم تھے تو تب سندھ میں 3 ڈویژن اور 11 اضلاع تھے۔ آج سندھ میں 7 ڈویژن اور 30 اضلاع ہیں۔
جب اضلاع کی انتظامی تقسیم سے سندھ دھرتی کو کچھ نہ ہوا تو صوبے کی انتظامی تقسیم پر اتنا شور کیوں؟؟ کراچی کو ایک ضلع سے 7 اضلاع بنانے سے کراچی کی شناخت ختم نہیں ہوئی تو اسے صوبہ بنانے سے شناخت کیسے ختم ہوتی ہے؟؟
ان باتوں کی وجہ تو صرف ایک ڈر ہی ہے کہ سونے کا انڈا دینے والی مرغی کراچی ہاتھ سے جائے گا اور خاندانی جاگیر اب عوام کے پاس چلی جائے گی،بلاول نے ججوں کی تقرری کو عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دیا پہلے جج صرف وہی بنتا تھا جو کسی سیاسی جماعت کا منظور نظر ہوتا تھا لیکن اب اس سسٹم کو بدل دیا گیا ہے۔
اب جج اپنی قابلیت اور صاف کردار پر سلیکٹ ہوتا ہے نہ کے سیاسی وابستگی پر، کیا سیاسی ججوں کا ختم ہونا پیپلز پارٹی کے لیے موت کا منظر ہے؟؟ بلاول صاحب تو جوڈیشل کمیشن کے فرمائشی ممبر بنے، اگر سسٹم خراب ہے تو چھوڑیں کمیشن کی جان۔
بلاول نے فارم 47 کا بھی ذکر کیا لیکن اسے پنجاب اور سینٹر تک محدود رکھا۔ یعنی جہاں یہ جیتے وہ صاف الیکشن اور جہاں ہارے وہ دھاندلی۔ یہ “جے تو میری منیں تے میں تیریاں مناں” نہیں چلے گا۔
اگر آپ حکومت کو فارم 47 سمجھتے ہیں تو ایک فارم آپ بھی جمع کروائیں اور دائیں والی سیٹوں سے اپوزیشن والی بائیں سیٹوں پر آ جائیں، یہ سجدہ خالق کو بھی اور ابلیس سے یارانا بھی نہیں چلے گا۔
جہاں تک بات دھاندلی کی ہے تو سب جانتے ہیں کہ آپ سندھ پر تین دہائیوں سے قابض ہیں نہ منتخب۔ اپنے سیاسی مخالف چاہے وہ مرتضی بھٹو ہی کیوں نہ ہو کو قتل کر کے، زندانوں میں قید کر کے، جاگیرداروں اور کچے کے ڈاکؤں کی سرپرستی کر کے قبضہ ہوتا ہے سلیکشن نہیں۔
بلاول نے آرٹیکل 239 کا حوالہ دیتے بتایا کہ سندھ اسمبلی نے ریفرنڈم کے خلاف تحریک دی لہذا اب یہ نہیں ہو سکتا۔ جناب آرٹیکل 48 بتاتا ہے کہ کسی بھی عوامی مسلہ پر ریفرینڈم کروایا جا سکتا ہے اور آرٹیکل 239 اسے روک نہیں سکتا۔ عوام سے نمائندے ہیں نہ کے نمائندوں سے عوام۔ عوامی نمائندے عوام میں جانے سے گھبراتے نہیں۔ چھاتی تگڑی رکھیں، اگر آپ مقبول ہیں تو عوام آپ کے ساتھ ہوں گے۔
ریفرنڈم ہر صوبے کی عوام کو اپنے صوبے کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے ہو گا۔ پنجاب سندھ کا حل اور خیبر ہختونخواہ بلوچستان کا حل نہیں بتائے گا۔ اسلیے اس ریفرنڈم کو سندھی، بلوچی، پٹھان، پنجابی، گلگتی و کشمیری بنانا کم عقلی و علمی کے سوا کچھ نہیں۔
بلاول صاحب نے یہ تو ارشاد کر دیا کہ صوبے کی بحث کرپشن اور معیشت کی کمزوری سے نظر ہٹانے کے لیے کی گئی لیکن یہ بتانا پسند نہ فرمایا کہ یہ کرپشن کون کر رہا ہے اور اس کا ذمہ دار یہی فرسودہ نظام ہے جسے بچانے کے لیے یہ میدان میں برسرپیکار ہیں،سب سے اہم بلاول صاحب نے مسائل کی لسٹ تو گنوا دی لیکن حل بتانا مناسب ہی نہ سمجھا،جناب آپ کے تمام مسائل کا حل اس فرسودہ نظام کو دفن کرنے میں ہی ہے