عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، پاکستان میں فی تولہ سونا مزید 3700 روپے سستا ہوگیا، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 37 ڈالر فی اونس کی کمی ہوئی۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 3700 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 95 ہزار 236 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3172 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 38 ہزار 851 روپے ہوگئی۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ چاندی 43 روپے سستی ہوکر 5005 روپے کی سطح پر آگئی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں ایک روز کے وقفے کے بعد بڑی کمی، فی تولہ سونا 1500 روپے سستا ہوگیا
دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا مزید 37 ڈالر سستا ہوکر 3727 ڈالر پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 100 ڈالر کی کمی کے بعد 3764 ڈالر پر آگیا تھا۔
گزشتہ روز پاکستان میں فی تولہ سونا 10 ہزار روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے، جبکہ 10 گرام سونا 8573 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 42 ہزار 23 روپے کی سطح پر آگیا تھا۔
یوں مسلسل دو روز کے دوران مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 13 ہزار 700 روپے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 137 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
