جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسد محمود کے اثاثوں اور مالی گوشواروں سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس نے کئی اہم سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں اور ایف بی آر سے منسوب ویلتھ اسٹیٹمنٹس کے تقابلی جائزے سے متعلق شائع شدہ دعووں میں جائیدادوں کی مالیت، زرعی اراضی، اثاثوں کی درجہ بندی اور آمدن کے اندراجات میں فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔
دستیاب میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان میں تین جائیدادوں کی مجموعی ظاہر کردہ مالیت 47 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ان میں عبدالخیل، پہاڑپور میں واقع وراثتی مکان کی مالیت 15 لاکھ روپے، شورکوٹ میں رہائشی مکان کی مالیت 25 لاکھ روپے جبکہ بنوں روڈ شورکوٹ پر جامعہ معارف الشریعہ کے اندر واقع ذاتی پلاٹ کی مالیت 7 لاکھ روپے ظاہر کیے جانے کا ذکر ہے۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان جائیدادوں کی ظاہر کردہ قیمتیں 2021 سے 2026 تک یکساں رہیں۔ اس معاملے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر جائیدادوں کی قیمتیں حسبِ مارکیٹ ویلیو ظاہر کی گئی تھیں تو چھ سال کے دوران ان کی مالیت میں کوئی تبدیلی کیوں درج نہیں ہوئی؟
348 کنال زرعی اراضی کا معاملہ بھی زیرِ بحث
فضل الرحمان کے اثاثوں سے متعلق شائع ہونے والی ایک دوسری رپورٹ میں ایف بی آر کی ایک متعلقہ شیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ 348 کنال زرعی اراضی کا اندراج اس میں موجود نہیں۔ اگر دونوں دستاویزات میں زمین کی ملکیت ایک ہی شخص کے نام ثابت ہوتی ہے تو یہ ایک اہم دستاویزی تضاد ہو سکتا ہے۔
اس معاملے میں زمین کی اصل ملکیت، انتقال، وراثتی حیثیت، لیز یا دیگر قانونی حقوق کی تفصیلات سامنے آنا ضروری ہیں۔ محض کسی ایک گوشوارے میں اندراج نہ ملنے سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ زمین چھپائی گئی تھی۔
55 تولہ سونے کی مالیت اور اثاثوں کی درجہ بندی میں تبدیلی کا دعویٰ
فضل الرحمان سے متعلق ایک اور شائع شدہ رپورٹ میں ان کی اہلیہ کو والدین کی جانب سے ملنے والے 55 تولہ طلائی زیورات کی مالیت 9 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کیے جانے کا ذکر ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 تک یہ رقم زیورات کے خانے میں درج تھی، تاہم 2024 کے ریکارڈ میں زیورات کا خانہ خالی کرکے یہی رقم اسلحے سے متعلق اثاثوں کے خانے میں منتقل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اگر اصل گوشواروں میں واقعی یہ تبدیلی موجود ہے تو اس کی وضاحت ضروری ہے کہ اثاثے کی نوعیت تبدیل کرنے کی وجہ کیا تھی، آیا یہ اندراجی غلطی تھی یا کسی دوسری مالیاتی درجہ بندی کا معاملہ تھا۔
اسد محمود کے ملتان میں دو اثاثوں کی مالیت میں فرق
اسد محمود کے مالیاتی گوشواروں سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹس میں بھی دو جائیدادوں کی مالیت کے حوالے سے فرق کی نشاندہی کی گئی ہے،رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے فارم بی میں ملتان کی دو جائیدادوں کی مالیت بالترتیب 27 لاکھ اور 25 لاکھ روپے ظاہر کیے جانے کا دعویٰ ہے، جبکہ ایف بی آر سے منسوب ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ان کی مالیت 55 لاکھ اور 70 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
اس تقابل میں پہلی جائیداد کے لیے 28 لاکھ روپے اور دوسری کے لیے 45 لاکھ روپے کا فرق سامنے آتا ہے۔ مجموعی طور پر دونوں جائیدادوں کی ظاہر کردہ مالیت میں 73 لاکھ روپے کا فرق بنتا ہے۔
تاہم یہ جانچنا ضروری ہے کہ دونوں گوشواروں میں درج جائیدادیں ایک ہی ہیں، ان کی ملکیت اور رقبہ یکساں ہے اور مالیت کے تعین کا سال اور طریقہ بھی ایک جیسا ہے۔ خریداری کی لاگت، موجودہ مارکیٹ ویلیو اور ٹیکس ویلیو میں فرق بھی اس معاملے کو متاثر کر سکتا ہے۔
400 کنال زرعی زمین کی لیز اور 50 لاکھ روپے ایڈوانس
اسد محمود سے متعلق ایک اور رپورٹ میں 2026 کے گوشوارے میں 400 کنال زرعی زمین کے لیز ایڈوانس کی مد میں 50 لاکھ روپے ظاہر کیے جانے کا ذکر کیا گیا ہے،اس حوالے سے زمین کے مقام، اصل مالک، لیز کی مدت، ادائیگی کے طریقہ کار اور معاہدے کی تفصیلات سامنے آنا ضروری ہیں، یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ 50 لاکھ روپے کس کو ادا کیے گئے اور اس ادائیگی کا بینک یا دیگر مالیاتی ریکارڈ موجود ہے یا نہیں۔
آمدن اور اثاثوں میں اضافے کی تفصیلات بھی اہم
اسد محمود کے مالیاتی ریکارڈ سے متعلق رپورٹس میں جائیدادوں سے حاصل ہونے والی کرایہ آمدن کے اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق 2024 میں 3 لاکھ 48 ہزار روپے، 2025 میں 23 لاکھ 4 ہزار روپے اور 2026 میں 21 لاکھ 80 ہزار روپے کرایہ آمدن ظاہر کیے جانے کا دعویٰ ہے۔
اسی طرح ایک رپورٹ میں اثاثوں کی مجموعی مالیت 2023 میں تقریباً 96 لاکھ 24 ہزار روپے سے بڑھ کر 2025 میں تقریباً ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہونے کا ذکر کیا گیا ہے،ان اعداد و شمار کے تناظر میں یہ دیکھنا ضروری ہے کہ اثاثوں میں اضافے کے ذرائع کیا تھے، کرایہ دینے والی جائیدادیں کون سی ہیں اور متعلقہ آمدن کا ٹیکس ریکارڈ سے کیا تعلق بنتا ہے۔
قانونی تقاضے اور اصل ریکارڈ کی اہمیت
الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت ارکان پارلیمنٹ اپنے، شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی سالانہ تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کے پابند ہیں۔ فارم بی میں جائیدادوں، منقولہ اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات میں وراثتی جائیداد کے لیے متعلقہ دستاویزات، اثاثوں میں اضافے یا کمی کے لیے معاون ثبوت اور جائیداد کے رقبے و مقام کی تفصیلات فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق گوشواروں میں مادی نوعیت کی غلط معلومات فراہم کرنے پر قانونی کارروائی بھی ممکن ہے۔
جوابات کے منتظر اہم سوالات
اس معاملے میں فضل الرحمان اور اسد محمود دونوں کو یہ وضاحت دینا ہوگی کہ جائیدادوں کی مالیت کے تعین کا معیار کیا تھا، مختلف دستاویزات میں مختلف اعداد کیوں سامنے آئے، اثاثوں کی درجہ بندی میں تبدیلی کی وجہ کیا تھی اور زرعی اراضی و لیز سے متعلق مکمل قانونی ریکارڈ کیا ہے۔