وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ’’سی ایم سولر پینل اسکیم فیز ٹو‘‘ کی باضابطہ منظوری دے دی، جبکہ اسکیم سے مستفید ہونے والے مستحق افراد کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت توانائی کے شعبے سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری انرجی نے صوبے میں جاری اور مجوزہ توانائی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار بڑھانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
مریم نواز نے چولستان کے مکینوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 5 ہزار سولر پینلز کی فراہمی کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی۔ انہوں نے صوبے کے تمام بڑے اسپتالوں کا انرجی آڈٹ کرنے اور بجلی کے لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینلز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں’’ ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ یعنی کوڑا کرکٹ سے توانائی اور بائیو فیول تیار کرنے کے منصوبے پر جامع پلان طلب کیا گیا۔ اس کے علاوہ ننکانہ صاحب میں فصلوں کی باقیات سے بائیو ریفائنری کے قیام سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ صوبے میں کمرشل، پرائیویٹ ڈیری اور کمیونٹی بیسڈ بائیو گیس پلانٹس لگانے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 76 سرکاری اسکولوں کو کامیابی کے ساتھ سولر انرجی پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کیے گئے عوامی سروے کے مطابق سی ایم سولر پینل اسکیم کو صوبے بھر میں غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور سولر سسٹم نصب ہونے کے بعد مستفید ہونے والے صارفین کے بجلی کے بل تقریباً نصف رہ گئے ہیں۔
سروے کے مطابق شہریوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔