پاکستان پوسٹ میں 4,252 بھرتیوں کا میگا سکینڈل، ایف آئی اے انکوائری 197/2026 میں اسد محمود اور فضل الرحمان خاندان کے گرد گھیرا تنگ
Home - آزاد انتخاب - پاکستان پوسٹ میں 4,252 بھرتیوں کا میگا سکینڈل، ایف آئی اے انکوائری 197/2026 میں اسد محمود اور فضل الرحمان خاندان کے گرد گھیرا تنگ
پاکستان پوسٹ میں ہزاروں ملازمین کی بھرتیوں کا معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا، سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے دورِ وزارت میں ہونے والی تقرریوں کے حوالے سے سرکاری آڈٹ رپورٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کردی گئی۔ 3,938 منظور شدہ خالی آسامیوں کے مقابلے میں 4,252 افراد بھرتی کیے گئے، جبکہ 2,646 ایسی آسامیوں پر بھی تقرریاں ہوئیں جنہیں پہلے ہی ختم کیا جاچکا تھا۔ معاملے میں ایک ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی غیر جواز ادائیگیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ 2023-24 کے مطابق پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کے دوران اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی اجازت، مالی وسائل، میرٹ اور مقررہ کوٹے سے متعلق متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ یہ بھرتیاں 2022 اور 2023 کے دوران ہوئیں، جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود وفاقی وزیر مواصلات تھے۔
منظور شدہ تعداد سے 314 زائد بھرتیاں
آڈٹ رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ کو بی پی ایس 1 سے 15 تک کی 3,938 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم محکمے نے 4,252 افراد بھرتی کرلیے۔ یوں اجازت شدہ تعداد سے 314 زائد تقرریاں کی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ این او سی کی مدت مئی 2023 میں ختم ہوگئی تھی، لیکن بھرتیوں کا عمل جولائی 2023 میں مکمل کیا گیا۔
2,646 ختم شدہ آسامیوں پر بھی تقرریاں
آڈٹ رپورٹ کا سب سے اہم انکشاف یہ ہے کہ وزارتِ مواصلات کے سیکریٹری نے 16 جون 2021 کو کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے تحت پاکستان پوسٹ کی 2,646 خالی آسامیوں کو ختم کردیا تھا، لیکن بعد میں انہی آسامیوں پر بھرتیاں بھی کی گئیں۔آڈیٹر جنرل نے اس عمل کو کابینہ کمیٹی کی ہدایات اور وزارت کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی سفارش کی۔
ایک ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں
رپورٹ میں بھرتیوں کے نتیجے میں ہونے والی غیر جواز ادائیگیوں کا حجم 1 ارب 76 کروڑ 48 لاکھ روپے درج کیا گیا ہے۔آڈٹ کے مطابق پاکستان پوسٹ کی متعدد خدمات نیشنل سیونگز کو منتقل ہونے اور فوجی پنشن کی ادائیگی کے نظام میں تبدیلی کے بعد محکمے کو ملازمین کی تعداد اور اخراجات کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے تھا، لیکن اس کے برعکس نئی بھرتیاں کی گئیں۔
فنانس ڈویژن نے 30 ستمبر 2022 کو محکمے سے نئی بھرتیوں کے لیے مالی وسائل کی دستیابی کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں، تاہم آڈٹ رپورٹ کے مطابق مطلوبہ مالی تفصیلات فراہم کیے بغیر تقرریاں کی گئیں۔
ٹیسٹنگ ایجنسی کے بغیر بھرتیاں، میرٹ اور کوٹے پر بھی سوالات
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں پاکستان پوسٹ کی 24 فیلڈ فارمیشنز کے ریکارڈ کی جانچ کے بعد مزید بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق مرکزی سطح پر اسکریننگ ٹیسٹ اور ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔ 255 ملازمین ایسے عہدوں پر بھرتی کیے گئے جو مشتہر کردہ آسامیوں سے زائد تھے اور جن کے لیے متعلقہ این او سی بھی موجود نہیں تھا۔
خواتین، معذور افراد، اقلیتوں اور سابق فوجیوں کے مقررہ کوٹے پر عمل درآمد نہ ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی۔ بعض ڈرائیوروں کی تقرریوں میں عمر کی حد اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق شرائط کی خلاف ورزیوں کا ذکر بھی کیا گیا۔
قومی اسمبلی میں 448 ملازمین کی برطرفی کا اعتراف
پاکستان پوسٹ کی بھرتیوں کا معاملہ قومی اسمبلی تک بھی پہنچا۔ رکن قومی اسمبلی داور خان کنڈی کے سوال کے جواب میں 12 مارچ 2026 کو وزارتِ مواصلات کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 2 اگست 2022 کو ملک بھر کے اخبارات میں 4,251 آسامیوں کے اشتہارات شائع کیے گئے تھے۔
وزارت کے مطابق خیبرپختونخوا سرکل میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد تحقیقات کے لیے کمیٹیاں قائم کی گئیں، جن کی سفارشات پر 448 ملازمین کو مشتہر کردہ تعداد سے زائد بھرتیوں، جعلی دستاویزات اور کوٹے کی خلاف ورزیوں کے باعث ملازمت سے برطرف کیا گیا۔سرکاری جواب میں بتایا گیا کہ ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی گئی، جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایت پر معاملہ نیب کی تحقیقات میں شامل تھا۔
ایف آئی اے انکوائری 197/2026، اسعد محمود کو طلبی کا نوٹس
پاکستان پوسٹ کی بھرتیوں کے معاملے پر ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر 197/2026 کے تحت تحقیقات شروع کیں۔4 نومبر 2026 کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے 30 اکتوبر کو اسعد محمود کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 نومبر کو صبح 11 بجے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا۔دوسری جانب نیب راولپنڈی نے بھی اسعد محمود کو 10 نومبر 2026 کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا۔
نیب کے دوسرے نوٹس پر بھی پیشی نہ ہوسکی
روزنامہ ڈان کی 14 نومبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق اسعد محمود 10 نومبر کو نیب کے پہلے طلبی نوٹس پر پیش نہیں ہوئے تھے۔ بعدازاں انہیں دوسرا نوٹس جاری کرکے 13 نومبر کو طلب کیا گیا، تاہم وہ دوسری مرتبہ بھی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئےرپورٹ کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ ادارہ مزید کارروائی کے لیے تیسرا نوٹس جاری کرسکتا ہے۔
اب تحقیقات میں کن سوالات کا جواب درکار ہے؟
پاکستان پوسٹ کی بھرتیوں کے معاملے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ جب 2,646 آسامیوں کو ختم کیا جاچکا تھا تو ان پر تقرریوں کی منظوری کس نے دی؟ 3,938 منظور شدہ آسامیوں سے 314 زائد بھرتیاں کس اتھارٹی کے حکم پر ہوئیں؟ مالی وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود تقرریاں کیسے مکمل ہوئیں؟ اور جن افسران نے بھرتیوں کے احکامات جاری کیے، ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟
اسعد محمود کے دورِ وزارت میں ہونے والی بھرتیوں کا معاملہ اب آڈٹ اعتراضات سے آگے بڑھ کر نیب اور ایف آئی اے کی تحقیقات تک پہنچ چکا ہے۔ تاہم کسی فرد کی مجرمانہ ذمہ داری کا حتمی تعین تحقیقات، شواہد اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا۔