این سی سی آئی اے کا جوئے کے عالمی نیٹ ورک کیخلاف بڑا آپریشن 240 ارب کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف 5 بڑے کردار گرفتار

این سی سی آئی اے کا جوئے کے عالمی نیٹ ورک کیخلاف بڑا آپریشن 240 ارب کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف 5 بڑے کردار گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے آن لائن جوئے اور سٹے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا، کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے مرکزی کردار سیف سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔

این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ آن لائن جوئے اور سٹے کی متعدد ایپس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر سرگرم ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات کے بعد کارروائی کی گئی۔ تحقیقات میں 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثوں اور ایک ارب روپے کے نقد و دیگر اثاثوں کو منجمد کیا گیا ہے۔

شہزاد اکبر کے مطابق تحقیقات کا آغاز اسٹیٹ بینک کی جانب سے موصول ہونے والی مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس سے ہوا، جن میں ابتدا میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک مالی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی تھی، تاہم مزید تحقیقات کے دوران مشکوک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 240 ارب روپے کی آمدورفت سامنے آئی جبکہ پورے نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نیٹ ورک میں 38 بینک اکاؤنٹس اور 40 افراد نامزد کیے گئے ہیں جبکہ 38 کمپنیوں کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ آن لائن جوئے کے لیے متعدد موبائل ایپس استعمال کی جارہی تھیں، جن میں شہری موبائل اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم جمع کراتے تھے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق جوئے کی ایپس کے ذریعے شہریوں کو ابتدا میں منافع دے کر اس سرگرمی کی طرف راغب کیا جاتا تھا، بعدازاں انہیں زیادہ رقم لگانے کی ترغیب دے کر ان کی رقوم ہتھیالی جاتی تھیں۔ نیٹ ورک شہریوں سے حاصل ہونے والی رقم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کرکے مسلسل گردش میں رکھتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :این سی سی آئی اے کا بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 خواتین سمیت 130 ملزمان گرفتار

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ نیٹ ورک میں 60 سے 65 فیصد رقم دوبارہ استعمال کی جاتی تھی جبکہ ایپس سے حاصل ہونے والے منافع کا 30 سے 35 فیصد حصہ ایپ ڈویلپرز اور نیٹ ورک کو جاتا تھا۔ اکاؤنٹس فراہم کرنے والے افراد، مرچنٹس اور انتظامی ڈھانچے سے وابستہ لوگ بھی اس مالیاتی نظام میں حصہ دار تھے۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ 40 نامزد ملزمان میں سے پانچ کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جن میں تین کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور دو ڈائریکٹرز شامل ہیں۔ کارروائی میں نیٹ ورک کے اصل مالی فائدہ اٹھانے والے مالکان کو ہدف بنایا گیا ہے تاکہ اس غیرقانونی کاروبار کے پس پردہ کرداروں تک پہنچا جاسکے۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے، ایک ارب روپے مالیت کی رقم اور اثاثے ضبط کیے گئے جبکہ گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے بھی منجمد کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کو قانونی کاروبار کا روپ دینے کے لیے ڈیری اور ویب ڈیزائننگ سمیت مختلف کاروباری پروفائلز استعمال کیے جاتے تھے۔ بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں جبکہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک شخص کے نام پر موجود تین بینک اکاؤنٹس میں صرف 18 ماہ کے دوران دو ارب روپے منتقل ہوئے۔ اس کے علاوہ مبینہ طور پر سہولت کاری کرنے والے بینک منیجرز کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ اکاؤنٹس کھولنے کے عمل میں ملوث بینک عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

شہزاد اکبر کے مطابق تحقیقات کا دائرہ دیگر علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے اور نیٹ ورک سے منسلک مزید افراد، کمپنیوں اور مالیاتی سہولت کاروں کے کردار کا تعین کیا جارہا ہے۔ एन سی سی آئی اے کی کارروائی کا مقصد آن لائن جوئے کے اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے مالیاتی ڈھانچے اور اس سے فائدہ اٹھانے والے اصل کرداروں تک پہنچنا ہے۔

editor

Related Articles