معروف پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور کے گھر پرمسلح افراد کی جانب سے حملے اور قبضے کی کوشش کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔ گلوکارہ نے واقعے کے خلاف پولیس سے رجوع کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شازیہ منظور نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ فیاض رامے کے ذریعے ملت پارک میں کارروائی کے لیے درخواست جمع کروائی ہے، جس میں مبینہ طور پر ملوث افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نعمان نامی شخص اور اس کے دیگر ساتھیوں نے اسلحے کے زور پر گلوکارہ کے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔
شازیہ منظور کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، جس کے باعث انہیں اپنی جان اور گھر کے تحفظ کے حوالے سے خدشات ہیں۔گلوکارہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔