آسمان پر اڑتی عجیب مخلوق کی ویڈیوز وائرل، دنیا بھر میں نئی بحث چھڑ گئی

آسمان پر اڑتی عجیب مخلوق کی ویڈیوز وائرل، دنیا بھر میں نئی بحث چھڑ گئی

میکسیکو میں امریکی سرحد کے قریب آسمان پر اڑتی ایک پراسرار مخلوق کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، جس نے صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کچھ افراد اسے لاکھوں سال پہلے معدوم ہونے والے دیوہیکل اڑنے والے جانور سے تشبیہ دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا کمال قرار دے رہے ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے مطابق یہ ویڈیوز میکسیکو کے شہر سیوداد خواریز کے قریب ریکارڈ کی گئیں۔ ایک ویڈیو میں رات کے وقت سی سی ٹی وی کیمرے میں سیاہ رنگ کی ایک مخلوق فضا میں اڑتی دکھائی دیتی ہے، جس کے بڑے بڑے پر اور سر کے پچھلے حصے میں ایک نمایاں ابھار نظر آتا ہے۔

دوسری ویڈیو دن کے وقت بنائی گئی، جس میں اسی سے ملتی جلتی مخلوق عمارتوں کے اوپر سے پرواز کرتی دکھائی دیتی ہے۔

ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ بعض صارفین نے اس مخلوق کو کروڑوں سال پہلے معدوم ہونے والے اڑنے والے رینگنے والے جانور ’پٹیروڈیکٹائل‘ سے مشابہ قرار دیا، جبکہ کچھ لوگوں نے اسے اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو قرار دیا۔

میکسیکن یو ایف او محقق جائمے موسان نے 11 نومبر کو یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا وادی خواریز میں نظر آنے والی یہ مخلوق کسی دوسری جہت سے زمین پر آئی ہے؟

بعد ازاں اپنے ٹی وی پروگرام میں ویڈیو دکھاتے ہوئے انہوں نے اس مخلوق کو ’پٹیرانوڈون‘ قرار دیا۔ یہ ایک دیوہیکل اڑنے والا رینگنے والا جانور تھا جو تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال پہلے معدوم ہوگیا تھا۔

جائمے موسان نے ویڈیوز کو مستند قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پس منظر میں امریکی ریاست ٹیکساس کے فرینکلن پہاڑ بھی دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم ویڈیو کے مقام کی شناخت اس میں نظر آنے والی مخلوق کی حقیقت ثابت نہیں کرتی۔

یہ بھی پڑھین:دنیا کی مقبول ترین گیم کا مالک گیمنگ سے ہی دور کیوں رہتا ہے

دوسری جانب مقامی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔ سیوداد خواریز کے محکمہ شہری تحفظ کے سربراہ سرجیو روڈریگز نے ویڈیوز کو محض ڈیجیٹل تفریح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے حقیقی ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔

کچھ مبصرین کے مطابق یہ کوئی بڑا پرندہ بھی ہوسکتا ہے جو کسی غیر معمولی زاویے سے کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا ہو، جبکہ دیگر افراد اسے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مناظر قرار دے رہے ہیں۔

کیا واقعی معدوم ہوچکا دیوہیکل اڑنے والا جانور دوبارہ آسمان پر نظر آیا ہے؟

تاحال ان ویڈیوز میں دکھائی دینے والی مخلوق کی شناخت نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی سائنسی یا مستند ذریعے نے اس کے پٹیرانوڈون یا کسی معدوم جانور ہونے کی تصدیق کی ہے۔

editor

Related Articles