دنیا کی مقبول ترین ویڈیو گیم فرنچائزز میں شامل گرینڈ تھیفٹ آٹوکے نئے حصے جی ٹی اے 6 کی ریلیز نے گیمنگ کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔ اس گیم کے مداح طویل انتظار کے بعد اس کے نئے ورژن سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس مقبول گیم کو شائع کرنے والی کمپنی کے سربراہ خود ویڈیو گیمز کھیلنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے؟
جی ہاں! یہ دلچسپ انکشاف ٹیک ٹو انٹرایکٹیو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) اسٹراس زیلنک کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔ ٹیک ٹو انٹرایکٹیو وہ کمپنی ہے جس کے تحت راک اسٹار گیمز کام کرتی ہے۔
اسٹراس زیلنک خود اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ نہ تو ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں اور نہ ہی گیم کنٹرولر پکڑ کر کھیلنے کے عادی ہیں۔ چند ماہ قبل ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی ذاتی عادات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اسلحہ رکھنے، تمباکو نوشی اور شراب نوشی سے دور رہتے ہیں، جبکہ ورزش کرنا انہیں پسند ہے۔
اسٹراس زیلنک مارچ 2007 میں ٹیک ٹو انٹرایکٹیو کے چیئرمین بنے۔ فروری 2008 میں انہیں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایگزیکٹیو چیئرمین مقرر کیا گیا، جبکہ جنوری 2011 میں انہوں نے کمپنی کے سی ای او کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
آخر وہ خود ویڈیو گیمز کیوں نہیں کھیلتے؟
اسٹراس زیلنک کے مطابق کسی بھی انٹرٹینمنٹ کمپنی کے سربراہ کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ خود کو صارف یا ناقد سمجھتے ہوئے ہر تخلیقی معاملے میں مداخلت شروع کردے۔
ان کا ماننا ہے کہ بطور سی ای او ان کی اصل ذمہ داری خود گیمز کھیلنا نہیں بلکہ باصلاحیت افراد اور ماہر ڈویلپرز کو ٹیم میں شامل کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں بہترین کام کرنے کی آزادی دینا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خود ویڈیو گیمز نہیں کھیلتے، تاہم اپنی کمپنی کے ڈویلپرز کو گیم کھیلتے ہوئے دیکھتے ہیں اور اس دوران اپنی رائے بھی دیتے ہیں۔
یوں دنیا کی کامیاب ترین ویڈیو گیم فرنچائزز میں سے ایک کے پیچھے موجود کمپنی کا سربراہ خود گیمنگ سے دور رہتے ہوئے بھی اس صنعت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔