امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ملی سائرس کی شادی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اپنے منگیتر اور موسیقار میکس مورنڈو کے ساتھ رواں ہفتے جنوبی کیلیفورنیا میں شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب کو نجی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں آئیں۔ ملی سائرس اور میکس مورنڈو کے تعلقات کا آغاز 2021 میں ہوا تھا۔ دونوں نے اسی سال نومبر میں پہلی مرتبہ عوامی سطح پر اپنے رشتے کا اعتراف کیا تھا۔
گلوکارہ نے دسمبر 2025 میں لاس اینجلس میں ایک فلم کے ورلڈ پریمیئر کے موقع پر منگنی کی انگوٹھی پہن کر اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد ان کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
یہ ملی سائرس کی دوسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل وہ ہالی ووڈ اداکار لیام ہیمسورتھ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔ دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، تاہم 2019 میں ان کی علیحدگی ہوگئی تھی۔
دوسری جانب میکس مورنڈو معروف راک بینڈ ’لیلی‘ کے شریک بانی ہیں۔ وہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ سے دور رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اب مداحوں کو اس جوڑی کی شادی کی باضابطہ تصدیق اور تقریب کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔