بھارت میں شادی سے پہلے ہونے والے ایک انکشاف نے دو خاندانوں کے درمیان طے پانے والے رشتے کو ختم کر دیا۔ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شخص کے دوست نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر پوری کہانی شیئر کی، جس کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی ملاقات ایک میٹریمونیل موبائل ایپ کے ذریعے ہوئی تھی، جہاں ابتدائی بات چیت کے بعد خاندانوں نے رشتے پر رضامندی ظاہر کردی اور منگنی بھی طے پا گئی۔ تاہم بعد میں خاتون کی ملازمت کی اصل نوعیت سامنے آنے پر دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔
ریڈٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق خاتون نے ایک نجی کالج سے بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور وہ ریاستی حکومت کے ایک محکمے میں ملازمت کر رہی تھیں۔ تاہم ان کی ملازمت مستقل نہیں بلکہ عارضی بنیادوں پر تھی، جس کا ذکر انہوں نے اپنی میٹریمونیل پروفائل میں نہیں کیا تھا۔
دوسری جانب خاتون نے اپنے ہونے والے شریکِ حیات کے لیے بھی کچھ شرائط رکھی تھیں۔ ان میں مخصوص حد سے زیادہ ماہانہ آمدنی، ذاتی گھر، گاڑی اور لمبا قد شامل تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مرد کی پروفائل میں اس کا قد پہلے ہی 5 فٹ 5 انچ درج تھا اور خاتون اس حقیقت سے واقف تھیں۔
پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ مرد نے ایک معروف تعلیمی ادارے سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی، جبکہ بیرون ملک کی ایک یونیورسٹی سے ماسٹرز بھی کیا تھا۔ وہ بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (ISRO) میں سائنسدان کے طور پر کام کر رہے تھے اور اچھی تنخواہ کے ساتھ ایک خوشحال زندگی گزار رہے تھے۔
دونوں خاندانوں کے درمیان رشتے کے معاملات طے ہو چکے تھے اور شادی کی تاریخ بھی مقرر کر دی گئی تھی، لیکن جب لڑکے کے اہلِ خانہ کو معلوم ہوا کہ خاتون کی سرکاری ملازمت مستقل نہیں بلکہ عارضی ہے تو انہوں نے منگنی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔ بعض افراد نے لڑکے کے خاندان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شادی جیسے اہم رشتے میں تعلیم، ملازمت اور مالی معاملات سے متعلق درست معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ملازمت کی اصل حیثیت چھپانے سے اعتماد متاثر ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے کہا کہ ریڈٹ پر سامنے آنے والی کہانی صرف ایک فریق کے دوست کی جانب سے بیان کی گئی ہے، اس لیے مکمل حقائق جانے بغیر کسی ایک شخص کو قصوروار قرار دینا مناسب نہیں۔
اس واقعے نے ایک بار پھر شادی کے لیے رشتہ تلاش کرنے والی ڈیجیٹل ایپس پر دی جانے والی معلومات کی سچائی اور شفافیت سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔