فضل الرحمان کی وزارتوں نے ملک و قوم کے بجائے صرف خاندان کو نوازا، فیصل آباد کے شہریوں نے ’جے یو آئی‘ سربراہ کی طویل سیاست کا پوسٹ مارٹم کر دیا
Home - آزاد سیاست - فضل الرحمان کی وزارتوں نے ملک و قوم کے بجائے صرف خاندان کو نوازا، فیصل آباد کے شہریوں نے ’جے یو آئی‘ سربراہ کی طویل سیاست کا پوسٹ مارٹم کر دیا
فیصل آباد کے شہریوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طویل سیاست، ماضی کی وزارتوں کی کارکردگی اور ان کے خاندانی اثاثوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے منی ٹریل سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل آباد کے مقامی شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی دہائیوں پر محیط سیاست نے ملک و قوم کے بجائے ان کی ذات اور خاندان کو فائدہ پہنچایا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ماضی میں انہیں جو وزارتیں ملیں، ان سے عام آدمی کی زندگی میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی بلکہ تمام تر توجہ خاندانی مفادات پر مرکوز رہی۔
گفتگو کے دوران شہریوں نے الزام عائد کیا کہ چاہے پاکستان پوسٹ میں ان کے صاحبزادے کی ملازمت کا معاملہ ہو یا اربوں روپے کی مبینہ جائیدادوں کا تذکرہ، اس سارے منظرنامے کو دیکھ کر یہی تاثر ابھرتا ہے کہ سیاست کو عوامی خدمت کے بجائے ذاتی حیثیت سنوارنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
تاریخی حوالہ اور اثاثوں سے متعلق سوالات پر برہمی
شہریوں نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد قیامِ پاکستان کے مخالف تھے اور آج ان کے صاحبزادے ملک کی سیاست میں جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق جب مولانا فضل الرحمان کو حکومت یا کسی مخالف پر تنقید کرنی ہو تو وہ بھرپور آواز اٹھاتے ہیں، تاہم جب ان سے اپنی جائیدادوں اور مراعات کے ذرائع سے متعلق سوال پوچھا جائے تو وہ شدید ناراضی اور برہمی کا اظہار کرتے ہیں۔
طرزِ زندگی میں فرق اور منی ٹریل کا مطالبہ
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ وہ بچپن سے مولانا فضل الرحمان کو ملکی سیاست میں سرگرم دیکھتے آ رہے ہیں، لیکن ان کے بچوں کا شاہانہ طرزِ زندگی ایک عام پاکستانی شہری کے معیارِ زندگی سے یکسر مختلف ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنی خطیر رقم اور آسائشیں کہاں سے آئیں، آیا یہ سب پاکستان کے وسائل سے حاصل ہوا یا ان کی سیاست کی دین ہے؟
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے پاس یہ تمام مراعات اور اثاثے جائز ذرائع سے آئے ہیں تو برہم ہونے کے بجائے قوم کے سامنے اس کی واضح منی ٹریل پیش کی جائے۔
پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ایک سینئر اور اثر و رسوخ رکھنے والے رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، جو مختلف ادوار میں وفاقی وزرا اور اہم پارلیمانی کمیٹیوں کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
ملکی سیاست میں موروثی رجحانات اور عوامی نمائندوں کے اثاثوں کی جانچ پڑتال ہمیشہ سے ایک حساس موضوع رہا ہے، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو عوامی و سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا رہتا ہے۔