وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کرتی ہے، لیکن سندھ کی انتظامی تقسیم کے حق میں نہیں۔ صوبوں کی تشکیل جیسے اہم معاملے پر کسی یکطرفہ فیصلے کے بجائے پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر پیش رفت ہونی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ قومی اہمیت کے تمام معاملات پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ صوبوں کے قیام کے معاملے کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے تاکہ مختلف جماعتیں اپنا مؤقف پیش کرسکیں اور مشاورت کے ذریعے کسی مشترکہ لائحہ عمل تک پہنچا جاسکے۔
انہوں نے ریفرنڈم کی تجویز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد عوام کی رائے اور رہنمائی حاصل کرنا ہے، جس میں کوئی قباحت نہیں، تاہم اس طریقہ کار کو اختیار کرنے کا فیصلہ بھی تمام سیاسی قوتوں کی باہمی رضامندی سے ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلے زیادہ پائیدار ہوتے ہیں اور قومی مسائل کا مستقل حل مذاکرات ہی سے نکل سکتا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف سیاسی اتحاد ضروری
رانا ثنا اللہ نے دہشت گردی کو پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنا کسی ایک جماعت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر اس کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ ایک تجربہ کار اور سینئر سیاست دان ہیں، تاہم شہدا کے بارے میں ان کا بیان مناسب نہیں تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا پوری قوم کے محسن ہیں اور ان کی قربانیوں کا احترام سب پر لازم ہے۔
سعد رفیق اور بلاول کی آرا پر تبصرہ
وزیراعظم کے مشیر نے خواجہ سعد رفیق کے سیاسی مؤقف پر کہا کہ وہ اپنی جماعت میں مختلف معاملات پر رائے دیتے رہتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کوئی الگ سیاسی دھڑا یا نئی جماعت قائم کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی بھی اپنے معاملات پر ذاتی سیاسی رائے ہے۔
سیاسی قیدیوں سے متعلق مؤقف
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو باقاعدہ عدالتی کارروائی اور ٹرائل کے بعد سزا سنائی جاچکی ہو تو اسے سیاسی قیدی قرار نہیں دیا جاسکتاانہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ اہم قومی اور سیاسی معاملات پر فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا مشترکہ حل تلاش کیا جاسکے۔