وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں سفارتی اور دفاعی کامیابیوں کو معاشی فوائد میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے اور حکومت کی کڑی اصلاحات کے باعث معیشت کی کشتی ہچکولوں سے نکل کر استحکام کی منزل تک پہنچ چکی ہے۔
اتوار کو نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر مستقبل کو روشن اور خوشحال بنانے کے لیے کھلا اور دیانت دارانہ مکالمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لینے والی ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی انتھک کوششوں سے 47 سال بعد ایران اور امریکا کو اسلام آباد میں ایک ہی میز پر بٹھایا گیا، جو کوئی معمولی کارنامہ نہیں تھا۔
وزیراعظم کے مطابق اس پیش رفت کے نتیجے میں رواں برس جون میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور خطے میں دوبارہ امن قائم کرنے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں بدستور جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، امریکا کے ساتھ تعلقات میں گرم جوشی آئی ہے جبکہ خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ باہمی اعتماد و احترام پر مبنی تاریخی تعلقات قائم ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ گزشتہ برس ریاض میں سعودی عرب کے ساتھ سٹریٹجک دفاعی معاہدہ کیا گیا اور رواں سال ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ ملکی دفاعی معاہدہ طے پایا، جو خطے میں ہمارے سیکیورٹی مفادات کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کو بھی یقینی بنائے گا۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے اور اس کے پیچھے کوئی جارحانہ عزائم کارفرما نہیں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال معرکہ حق کی مختصر جھڑپ میں پوری قوم کی حمایت اور فیلڈ مارشل و بہادر مسلح افواج کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا اور اب وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، ہمیں ان کامیابیوں کو معاشی ثمرات میں بدلنا ہوگا۔
ایف بی آر اصلاحات، 900 ارب ریکوری اور آئی ایم ایف کا اعتراف
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 2.5 برس کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں طویل عرصے سے التوا کا شکار ساختی اصلاحات نافذ کی گئیں، کیونکہ یہ ادارہ پاکستان کے معاشی ایجنڈے کا ساتھ دینے کے بجائے بدعنوانی اور ملی بھگت کے ذریعے اپنا ہی ایجنڈا چلا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت کے مکمل تعاون اور بے مثال شراکت داری کے باعث تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر کو بدعنوان عناصر سے پاک کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر میں سب سے زیادہ ٹیکس چوری سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں میں ہوتی ہے، تاہم پوری ٹیم کی کاوشوں سے 2025 اور 2026 کے دوران انفورسمنٹ کے ذریعے 900 ارب روپے ریکور کیے گئے، حالانکہ ماضی میں ملی بھگت، ٹیکس چوری اور بدعنوانی کے باعث کھربوں روپے ضائع ہوتے تھے اور کوئی حکومت 9 ارب روپے بھی ریکور نہیں کر پاتی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ رواں برس ستمبر میں نیویارک میں وزیر خزانہ کے ہمراہ ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے سب کے سامنے کہا کہ وزیراعظم صاحب، یہ ایک بدلا ہوا پاکستان ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ تھا۔
جی ڈی پی ہدف، برآمدات، زراعت اور نوجوان نسل
وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال جی ڈی پی نمو کا تخمینہ 3.5 فیصد لگایا گیا ہے جو نہ ادھر کا ہے نہ ادھر کا، ہمیں جلد از جلد کم از کم 6 فیصد نمو تک پہنچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں لیکن مانگے تانگے کی زندگی کے بجائے عزت اور وقار کی زندگی کے لیے مسلسل محنت، امانت اور دیانت ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملکی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ آئی ٹی برآمدات گزشتہ مالی سال 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو 3 سال پہلے 1 سے 1.5 ارب ڈالر کے گرد گھوم رہی تھیں۔
شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت کے ساتھ 80 برس میں وہ سلوک نہیں کیا گیا جو ہونا چاہیے تھا، تاہم زراعت اور لائیو سٹاک میں وہ صلاحیت موجود ہے کہ 6 ماہ میں معیشت کی کایا پلٹی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ذہین لوگ، جفاکش کسان، زرخیز زمین، پہاڑ، پانی اور ہوا سب کچھ دیا ہے، کمی صرف محنت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری 60 فیصد آبادی کروڑوں نوجوان بیٹوں اور بیٹیوں پر مشتمل ہے، جنہیں تعلیم، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ووکیشنل تربیت کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے کیونکہ تعلیم کا ہتھیار پہاڑوں میں مدفن معدنی خزانوں سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے خودداری، جدید فکر اور محنت کو ترقی کی کنجی قرار دیا۔
بڑھتی آبادی، قرضوں کا بوجھ
سوال و جواب کے سیشن میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی کے نکتے پر وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی آبادی کو ٹائم بم قرار دیا اور بتایا کہ منسٹری آف پلاننگ میں ڈاکٹر شاہانہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جبکہ وزیر صحت اور وہ خود صوبوں پر مشتمل ایپیکس باڈی کی سربراہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کی جانب سے 3.5 فیصد معاشی نمو کے تخمینے کے مقابلے میں اگر آبادی 2.5 یا 2.75 فیصد کی شرح سے بڑھتی رہی تو کوئی سرپلس نہیں بچے گا اور خدانخواستہ ہم بھوکے رہ جائیں گے، اس لیے ایپیکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں کڑے فیصلے کیے جائیں گے۔
فرحان مرزا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 80 برس میں غیر مستحق صنعتوں کو دی جانے والی کھربوں روپے کی سبسڈیز، ٹیکس چوری اور سرکاری اداروں کے خساروں نے ملک کو قرضوں کے پہاڑ تلے دبا دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنخواہ دار طبقہ اور ایماندار صنعتکار و کاشتکار تو پورا ٹیکس دیتے ہیں، مگر بالواسطہ ٹیکسوں میں کھربوں روپے کی چوری اور سرکاری اداروں کے نقصانات پورا کرنے کے لیے نوٹ چھاپے گئے یا مہنگے قرضے لیے گئے۔
وزیراعظم نے اصلاحات کی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ شدید سیاسی دباؤ کے باوجود پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ کو بند کر کے عملہ سرپلس پول میں بھیجا گیا جس سے سینکڑوں ارب روپے کی کرپشن رکی۔
اسی طرح رمضان میں لمبی قطاروں، ناقص اشیا اور بدعنوانی کے گڑھ بننے والے یوٹیلیٹی سٹورز کو 50 ارب روپے کے گولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے بند کر کے قوم کو سینکڑوں ارب روپے کے مستقل نقصان سے بچایا گیا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کے ذریعے گزشتہ 2 برس میں مستحق سفید پوش خاندانوں کو عزت کے ساتھ گھروں میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رقوم پہنچائی گئیں جن پر رواں سال 27 ارب روپے خرچ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 6 سے 8 فیصد شرح سود والے مہنگے کمرشل قرضوں کے بجائے محنت اور قومی اتفاق رائے سے ملک کو قرضوں سے نجات دلانا ہوگی۔
میرٹ کی بالادستی اور معاشی استحکام کا سفر
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ روزِ محشر وہ فخر سے کہہ سکیں گے کہ انہوں نے پنجاب اور وفاق میں غریب اور یتیم کے بچے کے لیے بھی میرٹ کو اس کی اصل روح کے مطابق نافذ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری حکومت، وفاق، صوبوں اور سیاسی و عسکری قیادت کی قریبی ہم آہنگی سے معیشت ہچکولوں سے نکلی اور کڑی اصلاحات کی تکلیف برداشت کرنے پر وہ غریب آدمی، ریڑھی بان، دکاندار اور مزدور کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، اب ہمیں بوم اینڈ بسٹ کے شیطانی چکر کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنا ہوگا۔
یوتھ پروگرام، آزاد کشمیر اور معاشی اشاریوں پر بریفنگ
اس موقع پر یوتھ پروگرام سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرل گائیڈز، بوائے سکاؤٹس اور جامعات میں گرین یوتھ موومنٹ ہبز کے ذریعے رضاکارانہ سرگرمیاں اور انتخابات ہو رہے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر مختلف کورسز دستیاب ہیں۔
رانا مشہود نے بتایا کہ یوتھ پروگرام تعلیم، روزگار، ماحولیات اور ہنر مندی کے 4 ستونوں پر استوار ہے اور نوجوانوں کے کاروبار و سٹارٹ اپس کے لیے 292 ارب روپے کے قرضے دیے جا رہے ہیں، جبکہ سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی طالبہ کے سوال پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں پہلی بار دانش سکولوں کی چین بنائی جا رہی ہے، بھمبر میں پہلا دانش سکول دسمبر میں مکمل ہوگا اور دوسرا باغ میں بن رہا ہے جہاں غریب مگر ذہین بچوں اور بچیوں کو خالصتاً میرٹ پر داخلہ اور جدید آئی ٹی و مصنوعی ذہانت کی تعلیم ملے گی۔
وزیر خزانہ کی سیشن میں بریفنگ
اس موقع پر سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2023 کے عروج پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے 4 سے 4.5 ارب ڈالر کے منافع اور ڈیویڈنڈ کی منتقلی رکی ہوئی تھی جس کا بیک لاگ 2 برس میں کلیئر کیا گیا، اب زرمبادلہ کے ذخائر 21.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر ہیں جو 3 ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے 2 بڑے مقامی گروپوں کے ذریعے 1.2 ارب ڈالر آئے، اب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں سعودی عرب اور ترکیہ دلچسپی لے رہے ہیں، بغیر گارنٹی 3 ارب ڈالر حاصل کیے گئے اور گزشتہ مالی سال 11 جبکہ رواں سال اب تک 6 آئی پی اوز ہو چکے ہیں، جو 2026 اور 2027 میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا پیش خیمہ ہیں۔
وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ اگر پی آئی اے کی نجکاری نہ ہوتی تو سالانہ 30 ارب روپے کے حساب سے 10 برس میں 300 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان کی معدنی پالیسی اور فیول سبسڈی
ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں سونے کی غیر قانونی مائننگ ہو رہی تھی اور دہشت گردی کے خلاف وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون میں ہچکچاہٹ دکھائی جا رہی تھی، حالانکہ ہمارے افسران اور جوان روزانہ شہادتیں دے کر لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی تقاضوں کے منافی طرزِ عمل کے باعث مجبوراً گورنر راج اور ضم اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی، جس کے بعد مافیا کے احتجاج کے باوجود سونے کی غیر قانونی مائننگ مکمل طور پر بند کر دی گئی۔
بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ خام مال باہر بھیجنے کے بجائے معاہدوں کے تحت ملک میں سمیلٹر، انگٹس اور ڈاؤن سٹریم انڈسٹری لگانے کی پالیسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن ہو۔
توانائی اور قومی ہم آہنگی کے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سالانہ اربوں ڈالر کی ایل این جی، ایل پی جی، خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرتا ہے۔
عالمی بحران کے اثرات کم کرنے کے لیے ابتدائی ہفتوں میں وفاق نے 28 ارب روپے کی سبسڈی برداشت کی اور اب چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستحق عوام کے لیے فیول سبسڈی پر تقریباً 50 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی ترقی تنہا پرواز سے نہیں بلکہ پارلیمنٹ، انتظامیہ، سیاسی جماعتوں اور تمام طبقات کے درمیان مکالمے اور قومی ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے۔