رواں سال کتنے پاکستانیوں نے روزگار کیلئے بیرون ملک کا رخ کیا؟ اعدادوشمار سامنے آگئے

رواں سال کتنے پاکستانیوں نے روزگار کیلئے بیرون ملک کا رخ کیا؟ اعدادوشمار سامنے آگئے

ملک میں معاشی دباؤ اور روزگار کے محدود مواقع کے پیشِ نظر پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا بیرونِ ملک جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی دس ماہ میں چار لاکھ 76 ہزار سے زائد پاکستانی باضابطہ طور پر روزگار کے لیے بیرونِ ملک رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سب سے بڑا حصہ خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب کے حصے میں آیا۔

دستاویزات کے مطابق یکم جنوری سے 31 اکتوبر تک مجموعی طور پر چار لاکھ 76 ہزار 238 پاکستانی ملازمت کے حصول کے لیے بیرونِ ملک رجسٹرڈ ہوئے، جبکہ صرف اکتوبر کے مہینے میں 48 ہزار 784 افراد نے روزگار کی خاطر وطن چھوڑا۔

بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب بدستور سب سے بڑی منزل رہا، جہاں دس ماہ کے دوران دو لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد نے روزگار حاصل کیا۔

متحدہ عرب امارات 53 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے ساتھ دوسرے جبکہ قطر 35 ہزار 934 افراد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانیوں کیلئے ملائیشیا کے دروازے کھل گئے، گولڈن ویزا حاصل کرنے کا موقع ، طریقہ کیا ہے؟

 اسی عرصے میں بحرین میں 22 ہزار 387، ترکیہ میں 10 ہزار 284، کویت میں 4 ہزار 515 اور ملائیشیا میں 4 ہزار 184 پاکستانی روزگار کے لیے رجسٹرڈ ہوئے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اعدادوشمار صرف ورک ویزا پر رجسٹرڈ ہونے والے افراد کے ہیں اور ان میں تعلیم، سیاحت یا دیگر ویزوں پر جانے والے پاکستانی شامل نہیں۔

ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال 7 لاکھ 63 ہزار 526 پاکستانی روزگار کے لیے بیرونِ ملک گئے تھے، جبکہ گزشتہ ایک دہائی سے ہر سال اوسطاً 6 سے 7 لاکھ پاکستانی معاشی مستقبل سنوارنے کے لیے دیارِ غیر کا رخ کر رہے ہیں۔

editor

Related Articles