مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور بری خبر، گھروں پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے چھوٹے بڑے گھروں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ایکسائز کو آئندہ ماہ تمام گھروں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 5 مرلے سے زائد کے تمام گھروں کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے جس کے بعد یکم جنوری سے ڈی سی ریٹ کی بنیاد پر گھروں پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے مکانات ٹیکس نیٹ میں آئیں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی نے صوبے میں کچرا ٹیکس لگانے کی منظوری دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کسی جماعت کی مخالف ہے نہ اس کا کوئی سیاسی ایجنڈا ہے، ڈی آئی ایس پی آر
کابینہ کی منظوری کے بعد دیہی اور شہری علاقوں میں گھروں اور کاروباری احاطے پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ دیہی علاقوں میں 5 مرلے تک کے گھروں پر 20 روپے، 10 مرلے یا ایک کنال تک کے گھروں پر 40 روپے، چھوٹے کاروباروں اور دکانوں پر 300 روپے، درمیانے درجے کے کاروباروں پر 700 روپے اور بڑے کاروباروں پر ایک ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگے گا۔
شہری علاقوں میں 5 مرلے تک کے گھروں پر 300 روپے، 10 مرلہ یا 1 کنال تک کے گھروں پر 500 سے 2000 روپے اور ایک کنال سے بڑے گھروں پر 5000 روپے ماہانہ ٹیکس لگے گا۔


