انصاف یوتھ ونگ خیبرپختونخوا نے این او سی نہ ملنے اور گرفتاریوں کے خدشات کے باعث 23 ستمبر کو پشاور میں ہونے والا ورکرز کنونشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ عہدیداروں کو 27 ستمبر کی تحریک کے لیے اپنی اپنی تحصیلوں میں متحرک ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
انصاف یوتھ ونگ پشاور کے ضلعی صدر شاہ زیب نے ایک آڈیو پیغام میں بتایا کہ مرکزی اور صوبائی قیادت سے مشاورت کے بعد 23 ستمبر کو پشاور میں ہونے والا ورکرز کنونشن منسوخ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے این او سی نہ دیے جانے، قانونی و دیگر رکاوٹیں کھڑی کیے جانے اور صوبائی حکومت کے عہدیداروں کی گرفتاریوں کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کنونشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
شاہ زیب کے مطابق کنونشن منسوخ کیے جانے کے بعد تمام تحصیلوں کے عہدیداروں کو اپنی اپنی حدود میں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اپنی اپنی تحصیلوں میں بازاروں میں مہم، بائیک ریلیوں اور کنونشنز کا انعقاد کریں۔
انصاف یوتھ ونگ خیبرپختونخوا کی جانب سے عہدیداروں کو 27 ستمبر کی تحریک کے لیے اپنی اپنی تحصیلوں میں کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
شاہ زیب نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی قیادت کی مشاورت سے پشاور کا کنونشن منسوخ کرنے کے بعد اب تنظیمی سرگرمیوں کو تحصیل کی سطح پر جاری رکھا جائے گا۔