اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ہم نے وی پی این کو ناجائز یا غیر شرعی نہیں کہا اسکا استعمال کو درست ہونا چاہیئے۔
ڈاکٹرراغب حسین نعیمی کی زیر صدارت سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے نظریاتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سوشل میڈیا کے اسلامی تعلیمات کے فروغ اور ملکی سلامتی میں اس کے مثبت استعمال پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا کو توہین مذہب، فرقہ واریت اور انتہا پسندانہ اقدامات کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
وی پی این یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کو غیر شرعی قرار نہیں دیا گیا، تاہم ان کے استعمال کو صحیح اور مناسب انداز میں کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ صرف رجسٹرڈ وی پی این کا استعمال شرعی طور پر درست سمجھا جائے گا۔
کونسل نے آئین کے آرٹیکل 19 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، اور جدید ذرائع کا انکار ممکن نہیں۔ تاہم ان ذرائع کا مثبت اور مفید استعمال ضروری ہے۔ کونسل نے اس معاملے پر مزید مشاورت کے لئے ماہرین سے رہنمائی لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔