پشاور (آزاد ڈیجیٹل نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بالآخر آزاد ڈیجیٹل کے سینئر صحافی حماد حسن کی گزشتہ سال کی اہم خبر کی تصدیق کر دی، جس میں انہوں نے تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات اور گروپ بندیوں کی نشاندہی کی تھی۔
حماد حسن، جو کہ تحقیقی صحافت میں اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں، نے تقریباً ایک سال قبل آزاد ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر خبر دی تھی کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں علی امین گنڈاپور، شہرام ترکئی، عاطف خان اور اسد قیصر کے درمیان شدید اختلافات موجود ہیں۔
حماد حسن نے ان گروہی کشمکش کو نہ صرف اپنی رپورٹس میں اجاگر کیا بلکہ پچھلے آٹھ ماہ سے مسلسل آزاد ڈیجیٹل کے یوٹیوب چینل پر اس صورتحال کو عوام کے سامنے لاتے رہے۔
گزشتہ روز ارشاد بھٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ان اختلافات کی باقاعدہ تصدیق کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے خود انہیں ہدایت کی تھی کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں ان تین رہنماؤں شہرام ترکئی، عاطف خان اور خود علی امین میں سے کسی کو بھی پارٹی ٹکٹ نہ دیا جائے، کیونکہ وہ اکثر سیاسی چالیں چلتے ہیں اور ٹکٹ لینے کے بعد پارٹی مفادات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کے اس اعتراف نے آزاد ڈیجیٹل کی پیشہ ورانہ صحافت، تحقیقی وژن اور خبری فراست پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔
یہ لمحہ آزاد ڈیجیٹل ٹیم کے لیے ایک اعزاز ہے کہ ان کی دی گئی معلومات اور رپورٹس کو نہ صرف وقت نے سچ ثابت کیا بلکہ خود ایک وزیراعلیٰ سطح کی شخصیت نے اس کا اعتراف کیا۔