مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 955 مرد اور 3 لاکھ 81 ہزار 666 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کے لیے ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی آج ووٹنگ ہوگی، جموں اور ویلی کی 6،6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،جموں کی 6 نشستیں ایل اے 34 جموں ون سے ایل اے 39 جموں سکس تک، جبکہ ویلی کی 6 نشستیں ایل اے 40 ویلی ون سے ایل اے 45 ویلی سکس تک ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ ضرور ڈالیں،انہوں نے کہا کہ اگر عوام ووٹ ڈالنے سے گریز کریں گے تو مسائل جلسوں، جلوسوں اور احتجاج کے ذریعے حل نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا مشکل ترین انتخاب ہے،چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ مظفرآباد کے دو حلقوں ایل اے 28 لچھراٹ اور ایل اے 31 کھاوڑہ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔