امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
امریکی سفارت خانوں کی جانب سے اسرائیل سمیت بحرین، عراق، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی شہریوں کو سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔امریکی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے اور حالات کسی بھی وقت غیر متوقع طور پر مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر معمولی احتیاط برتیں، سفری منصوبوں پر نظر رکھیں اور پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی عارضی بندش اور دیگر سفری رکاوٹوں کے لیے تیار رہیں،عمان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بعض ایئرلائنز نے پروازوں کی بحالی مؤخر کر دی ہے جبکہ کچھ روٹس پر پروازیں منسوخ بھی کی گئی ہیں۔
امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ سے روانگی پر غور کریں یا صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں فوری سفر کے لیے تیار رہیں،امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ماضی میں امریکی سفارتی تنصیبات، کاروباری اداروں اور دیگر مفادات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، اس لیے شہری ہر وقت محتاط رہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران اور ایران سے وابستہ گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جبکہ خطے کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے،امریکی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ تازہ ترین سفری اور سیکیورٹی معلومات حاصل کرتے رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔