اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جعلی ای چالان الرٹس سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، ٹریفک پولیس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کچھ افراد ٹریفک خلاف ورزیوں کے نام پر جعلی نوٹسز اور مشکوک لنکس بھیج کر شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کے مطابق ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعے ایسے جعلی پیغامات گردش کر رہے ہیں جن میں ٹریفک چالان سے متعلق معلومات کا دعویٰ کیا جاتا ہے[ان پیغامات میں موجود لنکس شہریوں کو ایسی جعلی ویب سائٹس پر لے جا سکتے ہیں جہاں ان سے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
لنکس کھولنے سے گریز کریں
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنا شناختی کارڈ نمبر، بینک معلومات یا دیگر ذاتی تفصیلات کسی کے ساتھ شیئر کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان کی تصدیق کے لیے صرف سرکاری ذرائع اور مجاز پلیٹ فارمز استعمال کیے جائیں، جبکہ موبائل پیغامات یا واٹس ایپ پر موصول ہونے والے لنکس کے ذریعے چالان کی ادائیگی یا معلومات فراہم نہ کی جائیں۔
جعلی پیغامات کی اطلاع دیں
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کوئی مشکوک یا جعلی ای چالان پیغام موصول ہو تو فوری طور پر پولیس یا فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو اطلاع دیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ جعل ساز سرکاری اداروں کی نقالی کرتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہے ہیں، اس لیے شہری کسی بھی کارروائی سے پہلے معلومات کی تصدیق ضرور کریں۔