شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،  بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بہادر افسر میجر حافظ احسان الٰہی شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست 2026 کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی، جو ضلع میانوالی کے رہائشی تھے، اپنے دستے کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ریاست کے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Related Articles