ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران ثابت قدم رہنے پر ایرانی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی قوم نے مشکل حالات، دباؤ اور چیلنجز کے باوجود حوصلے اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا کہ ایران کا مستقبل کسی بیرونی طاقت کے فیصلوں سے نہیں بلکہ ایرانی عوام خود طے کریں گے۔
جنگ سے متعلق مؤقف
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ موجودہ تنازع کا آغاز حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کے تہران میں قتل کے بعد ہوا، جس کے بعد ایران کو مسلسل دباؤ، کشیدگی اور دشمنی کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے کہا کہ ایران نے مختلف چیلنجز کے باوجود اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا مؤقف برقرار رکھا۔
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں ایرانی عوام کے اتحاد اور مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم نے مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی صلاحیت اور عزم کا اظہار کیا،انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنی پالیسیوں اور مستقبل کے فیصلے عوامی عزم اور قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے کرے گا۔