بلوچستان: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،  بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان  کے 7 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 30 اور 31 جولائی 2026 کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی، اس کی نگرانی کی اور بروقت اور ٹارگیٹیڈ کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کر دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے تمام 7 دہشت گرد مارے گئے، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) کا ذخیرہ بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ اگر وہاں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والا کوئی اور دہشت گرد موجود ہو تو اسے بھی ختم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بارود سے بھری 2 گاڑیاں تباہ، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور “عزمِ استحکام” کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم کے ذریعے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

Related Articles