وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی مسلم لیگ (ن) کا نصب العین ہے، پارٹی کا ہر دور ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے عبارت رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں دانش سکول سمیت متعدد بڑے منصوبے شروع کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے قومی اور عالمی فورمز پر آواز بلند کی۔
انتخابات میں کارکنوں کی محنت
وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بھرپور کردار ادا کیا، دن رات محنت کی، گھر گھر جا کر ووٹرز سے رابطے کیے اور انتخابی مہم کو کامیابی سے آگے بڑھایا،انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور انتخابات میں ووٹرز کو متحرک کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔
ترقیاتی سیاست
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خدمت اور تعمیر و ترقی کی سیاست مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے، آزاد کشمیر میں محمد نواز شریف کے دور میں نمایاں ترقیاتی کام ہوئے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی متعدد میگا منصوبے شروع کیے،انہوں نے مہاجر نشستوں پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہاں آباد کشمیریوں کے آباؤ اجداد نے کشمیر کاز کے لیے قربانیاں دی ہیں، اس لیے وہ احترام کے مستحق ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھائی نواز شریف نے عالمی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق میں مؤثر انداز میں بات کی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران کشمیری عوام کے مسائل اجاگر کیے۔
مخالف جماعتوں کو چیلنج
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاست ہر جماعت کا حق ہے، لیکن مخالف جماعتیں عوام کے سامنے اپنا منشور پیش کریں اور یہ بھی بتائیں کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں کون سے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے،انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد صرف دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی خدمت سے حاصل ہوتا ہے، مسلم لیگ (ن) تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے میدان میں اپنا ایک مقام رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ مہاجرین کی نشستوں سمیت آزاد کشمیر کی دیگر نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی اور انتخابی مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں کی محنت قابل تحسین ہے۔