امریکا میں ویزا قوانین مزید سخت، 50 ممالک کے شہریوں کیلئے نئی شرط عائد

امریکا میں ویزا قوانین مزید سخت، 50 ممالک کے شہریوں کیلئے نئی شرط عائد

امریکا نے امیگریشن قوانین مزید سخت کرتے ہوئے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت بعض ممالک کے شہریوں کو امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے 20 ہزار ڈالر تک کا ضمانتی بانڈ جمع کروانا پڑ سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئی پالیسی کاروباری اور سیاحتی مقاصد کے لیے جاری کیے جانے والے بی ون (B-1) اور بی ٹو (B-2) ویزوں پر لاگو ہوگی، جبکہ امریکی حکام ویزا جاری کرنے کی شرط کے طور پر درخواست گزاروں سے ضمانتی رقم طلب کرنے کے مجاز ہوں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ 2025 میں شروع کیے گئے پائلٹ پروگرام کے نتائج سے ثابت ہوا کہ ویزا بانڈ نظام ویزا قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے میں مؤثر ثابت ہوا، جس کے بعد اسے مستقل بنیادوں پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی پائلٹ پروگرام کے تحت بانڈ کی رقم 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار ڈالر مقرر تھی، تاہم نئے قانون میں 5 ہزار ڈالر کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ ضمانتی بانڈ کی رقم بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کو ایران جنگ میں کون پھنسانے کی کوشش کر رہا ہے ، ٹرمپ کا بڑاانکشاف

امریکی حکام کے مطابق نیا قانون 3 اگست کو فیڈرل رجسٹر میں باضابطہ اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوگا۔ پروگرام میں شامل 50 ممالک میں سے تقریباً 30 افریقی ممالک ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایسے افراد کی تعداد میں کمی لانا ہے جو ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر امریکا میں قیام کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ برسوں میں امریکا نے امیگریشن قوانین مزید سخت کیے ہیں، جن میں بعض ویزوں پر اضافی فیسوں کا نفاذ اور درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ جیسی نئی شرائط بھی شامل ہیں۔

Related Articles