بھارتی کرکٹر اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے ابھشیک پورل کو ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر زیادتی، مجرمانہ دھمکیوں اور دیگر سنگین الزامات کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ابھشیک پورل کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے، کرکٹر کے خلاف مقدمہ رواں سال جون میں ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔
شکایت کنندہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ 3 سال سے ابھشیک پورل کے ساتھ تعلقات میں تھی، خاتون کے مطابق کرکٹر نے اس سے شادی کا وعدہ کیا اور اسی وعدے کی بنیاد پر اس کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا، تاہم بعد میں شادی سے انکار کرتے ہوئے اس سے دوری اختیار کرنا شروع کردی۔
خاتون نے مزید الزام عائد کیا کہ ابھشیک پورل نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور مجرمانہ دھمکیاں بھی دیں، شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے الزامات کی تحقیقات شروع کیں اور معاملہ عدالت تک پہنچا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقدمے میں ابھشیک پورل کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کرکٹر کو حراست میں لے لیا،دوسری جانب ابھشیک پورل ماضی میں ان الزامات کی تردید کرچکے ہیں اور اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا تھا۔
27 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ابھشیک پورل نے 2023ء سے انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کی ہے، گزشتہ سیزن میں انہوں نے دہلی کیپیٹلز کی جانب سے 4 اننگز میں 108 رنز بنائے تھے۔