پاکستانی گلوکار اور نغمہ نگار ثبات باطن نے نکاح کرلیا، جس کی خوش خبری انہوں نے سوشل میڈیا پر نکاح کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
ثبات باطن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نکاح کی تقریب کی چند تصاویر پوسٹ کیں، جن میں وہ اپنی دلہن کے ہمراہ نظر آئے۔ دونوں نے میرون اور رسٹ رنگ کے روایتی ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے۔
تصاویر میں نوبیاہتا جوڑے نے سبزہ زار میں فوٹو شوٹ بھی کروایا، تاہم سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں ثبات باطن نے اپنی اہلیہ کے چہرے کو سن فلاور ایموجی سے چھپا رکھا ہے۔
گلوکار کی جانب سے نکاح کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارکباد دینا شروع کردی۔ گلوکارہ نمرہ مہرہ نے کمنٹ میں ’ماشاء اللہ، مبارک ہو ثبات‘ لکھا، جبکہ ماڈل صحیفہ جبار نے دل والے ایموجی کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا۔
اداکار اور گلوکار عاشر وجاہت نے بھی ثبات باطن کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، ’ماشاء اللہ میرے بھائی، بہت مبارک دونوں کو۔‘ ثبات باطن کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ پنجابی، اردو اور ہندی موسیقی کے امتزاج کے باعث خاص پہچان رکھتے ہیں۔
انہیں برطانوی پنجابی ریپر ریک اسٹار کے ساتھ گائے گئے گانے ’گَل سُن‘ سے نمایاں شہرت ملی۔ یہ گانا بھارت میں پاکستانی مواد پر پابندیوں کے باوجود خاصا مقبول ہوا اور اسپاٹیفائی انڈیا کے چارٹس میں 62 ویں نمبر تک پہنچا۔
گانے کی مقبولیت کے عروج پر اسے ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد مرتبہ اسٹریم کیا گیا۔ثبات باطن کے دیگر معروف گانوں میں ریک اسٹار کے ساتھ ’اعتبار‘، ’وے سجنا‘، ’بلبل‘، ’دنیا جال‘ اور ’یاد رہی‘ شامل ہیں۔ نکاح کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے ثبات باطن اور ان کی اہلیہ کے لیے نیک خواہشات اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔