پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام میں شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔
پروگرام کے پورٹل پر اب تک 14 لاکھ 56 ہزار 664 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 10 لاکھ 79 ہزار 224 درخواستوں کی سکروٹنی بھی مکمل کرلی گئی ہے، سے اہم بات یہ ہے کہ ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کے لیے عملی طور پر مالی معاونت مل چکی ہے۔
کتنے خاندانوں کو قرض جاری ہوا؟
صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین سے ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے ملاقات کی، جس میں ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کی پیش رفت اور مستحق خاندانوں کو قرضوں کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار 297 خاندانوں کو گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
ان میں سے ایک لاکھ 9 ہزار 946 خاندانوں کے گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ 39 ہزار 943 گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
232 ارب روپے کے قرضے تقسیم
پنجاب حکومت کے مطابق ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک مجموعی طور پر 232 ارب 9 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں، مزید 13 ہزار 314 خاندانوں میں قرضوں کی تقسیم کے لیے 19 ارب 56 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یعنی آنے والے مرحلے میں مزید خاندانوں کو گھر تعمیر کرنے کے لیے مالی مدد ملنے کی توقع ہے۔
بلا سود قرض، مستحق خاندانوں کے لیے بڑی سہولت
صوبائی وزیر بلال یاسین نے ا س حوالے سے کہا کہ مستحق خاندانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ شہریوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جلد ابتدائی درخواست گزاروں کو بھی قرضے جاری کریں گی، تمام اضلاع کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستحق خاندانوں میں قرضوں کی بروقت تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے ، اس کے ساتھ ہی پروگرام پر عملدرآمد تیز کرنے، درخواستوں کی سکروٹنی اور قرضوں کی تقسیم کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مستحق خاندانوں کی مالی معاونت
’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کا مقصد ایسے مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے جو محدود وسائل کے باعث گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت بڑی تعداد میں گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ ہزاروں خاندانوں کے گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے، آئندہ مرحلے میں مزید اہل درخواست گزاروں کو قرض فراہم کرنے کے لیے مختص فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔