ڈکی بھائی کے اکاؤنٹس سے کتنے کروڑ روپے اور درہم نکلے؟ حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں

ڈکی بھائی کے اکاؤنٹس سے کتنے کروڑ  روپے اور درہم  نکلے؟ حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں

سینئر صحافی جاوید چوہدری نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے اکاؤنٹس کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

اپنے پوڈکاسٹ میں انہوں نے بتایا کہ حکام نے ڈکی بھائی کے خلاف جب تفصیلات اکٹھی کیں تو پتا چلا کہ ان کے دبئی میں 6 لاکھ درہم موجود ہیں، جنہیں قبضے میں لے لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈکی بھائی کے پاکستان میں موجود اکاؤنٹس سے 15 کروڑ روپے اور ڈیجیٹل والیٹس سے 3 لاکھ 25 ہزار روپے برآمد ہوئے، جو حکومت نے تحویل میں لے لیے۔

جاوید چوہدری کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے یہ تمام رقم حکومتِ پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کروا دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مزید تحقیقات کے دوران کئی اور افراد پر بھی ہاتھ ڈالا گیا، جن میں محمد حسین، اقرا کنول اور مدثر حسین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی بیٹنگ ایپ کی تشہیر کیلئے کتنے ڈالر لیتے تھے؟ حقائق سامنے آگئے

واضح رہے کہ ڈکی بھائی اس وقت جوئے کی غیر رجسٹرڈ ایپس کی تشہیر کے مقدمے میں گرفتار ہیں اور جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ڈکی بھائی نے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر رجسٹرڈ جوا ایپلی کیشنز کی تشہیر کی، جس سے کئی افراد کو مالی نقصان پہنچا۔ تفتیش کاروں کے مطابق ملزم کے موبائل سے واٹس ایپ چیٹس اور ادائیگیوں کے شواہد بھی ملے ہیں، جو ان کے ان ایپلی کیشنز کے ساتھ روابط کو ثابت کرتے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے محمد سرفراز چوہدری نے حالیہ بیان میں انکشاف کیا کہ صرف ڈکی بھائی اور رجب بٹ ہی نہیں بلکہ مزید افراد بھی زیر تفتیش ہیں۔

Related Articles