پی ٹی آئی دہشتگردوں کو چھتری دے رہی ہے، کے پی میں گورنر راج لگنے والا ہے،  خرم روکھڑی  کا دعویٰ

پی ٹی آئی دہشتگردوں کو چھتری دے رہی ہے، کے پی میں گورنر راج لگنے والا ہے،  خرم روکھڑی  کا دعویٰ

 سینئر سیاسی تجزیہ کار خرم روکھڑی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت، خیبرپختونخوا حکومت کی مبینہ کرپشن، اندرونی اختلافات اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تہلکہ خیز دعوے کیے ہیں۔ انکا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کو مبینہ طور پر چھتری فراہم کر رہی ہے اور صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ اب ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔

آزاد ڈیجیٹل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم روکھڑی نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے موجودہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ وہاں یا تو ایمرجنسی لگے گی یا گورنر راج نافذ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اب وہ جان بوجھ کر حالات ایسے بنا رہے ہیں تاکہ انہیں حکومت سے نکالا جائے اور وہ عوام کے سامنے ’سیاسی شہید‘ بن کر ہمدردیاں سمیٹ سکیں۔

علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کا فکسڈ میچ

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کا پردہ چاک کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیانات دراصل بشریٰ بی بی پر بالواسطہ حملہ ہیں۔ خرم روکھڑی کے مطابق، علی امین یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ان کا وفاق کے ساتھ کوئی میچ فکس نہیں ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کا لایا ہوا احتجاج اور لانگ مارچ دراصل ایک ڈیل اور ‘فکسڈ میچ’ کا نتیجہ تھا۔

پی ٹی آئی کا کوئی بیانیہ نہیں، صرف انتشار

تجزیہ کار نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی کے پاس بتانے کے لیے ترقیاتی کاموں یا آئینی ترامیم کا بیانیہ موجود ہے، لیکن پی ٹی آئی نے اپنے دورِ اقتدار میں عوام کو صرف بے وقوف بنایا اور فتنہ و فساد کا بیانیہ پروان چڑھایا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج؟ وزیراعظم ہاؤس میں اہم ترین کل اجلاس طلب

انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کی پوری سیاست اور بیانیہ صرف ایک نکتے پر رکا ہوا ہے کہ اسے (عمران خان کو) رہا کرو۔

دہشتگردی کی سرپرستی اور اربوں کی کرپشن

صوبے میں بدامنی پر بات کرتے ہوئے خرم روکھڑی نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کی موجودگی میں دہشتگردی کم ہونے کے بجائے بڑھی ہے، کیونکہ پی ٹی آئی مبینہ طور پر ریاستی دباؤ برقرار رکھنے کے لیے ایسے عناصر کو “چھتری”  فراہم کر رہی ہے۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور سہیل آفریدی جیسے رہنما اقتدار میں آ کر اندھا پیسہ کما رہے ہیں اور راتوں رات ارب پتی بن چکے ہیں۔

سہیل آفریدی کا مستقبل اور فرار کے راستے

سہیل آفریدی کے قانونی مسائل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان پر نااہلی کی تلوار لٹک رہی ہے اور قانونی راستے تیزی سے بند ہو رہے ہیں۔

 خرم روکھڑی نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ وہ بے تحاشا پیسہ کما چکے ہیں اور نااہلی کی صورت میں کسی بھی وقت پرائیویٹ جہاز چارٹر کر کے بیرونِ ملک فرار ہو سکتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے خلاف ایک زبردست تھریٹ اور دباؤ پیدا کر دیا ہے جس کی وجہ سے پی ٹی آئی اب 9 مئی جیسا کوئی بڑا رسک لینے سے گریزاں ہے۔

Related Articles