فیول سبسڈی اسکیم سے ایک کروڑ سے زائد افراد مستفید، وزیراعظم کا شزا فاطمہ کو تمغہ دینے کا اعلان

فیول سبسڈی اسکیم سے ایک کروڑ سے زائد افراد مستفید، وزیراعظم کا شزا فاطمہ کو تمغہ دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل طریقے سے فیول سبسڈی اسکیم سے براہ راست مستفید ہونے والے افراد کی تعداد 1 کروڑ سے بڑھ گئی ، اسکیم کے آغاز پر مختلف سوالات تھے لیکن صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کر اسکیم کامیاب بنائی۔

فیول سبسڈی اسکیم میں شفاف انداز سے سبسڈی دینے پر وزرا و افسران کے اعزاز میں عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی شفاف اسکیم پر پذیرائی کی ، جبکہ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کے لیے تمغے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم پر عمل درآمد اوراسے کامیاب بنانے کے لیے مختلف محکموں کے حکام نے بھی نمایاں خدمات انجام دیں، جن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، اسکیم کی کامیابی کے لیے کام کرنے والے دیگرمحکموں کے حکام کو بھی شیلڈز دی جائیں گی تاکہ ان کی محنت اور کارکردگی کا اعتراف کیا جاسکے۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کی فیول سبسڈی کے آسان حصول کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر فیول سبسڈی دی، ہماری مشترکہ کاوشیں آج رنگ لا رہی ہیں، فروری میں بھی اس طرح کے ریلیف کے لیے صوبوں اور وفاق نے کردار ادا کیا تھا، فروری میں 1.3 ملین افراد اس ریلیف سے فیض یاب ہوئے ہیں اور آج فیول ریلیف حاصل کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی۔

انہوں نے کہا  کہ فیول ریلیف حاصل کرنے والوں میں 96 فیصد موٹر سائیکل والے ہیں، ایک کروڑ 8 لاکھ 80 ہزار افراد نے فیول ریلیف کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے، مجموعی طور پر فیول ریلیف کیلئے 2 کروڑ 17 لاکھ ٹوکن جاری کیے گئے، ایک کروڑ 94 لاکھ ٹوکنز پر شہریوں نے رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیرِ اعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے کیسے فائدہ اٹھایا جائے؟ وفاقی وزراء نے طریقہ بتادیا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیول ریلیف سے فائدہ صرف ایک شخص کو نہیں اس کے بچوں اور فیملی کو بھی ہوتا ہے، فیول ریلیف میں کردار پر تمام وزرائے اعلیٰ کو شکریہ کے خطوط لکھے، فیول ریلیف کا یہ سلسلہ ابھی چلتا رہے گا۔

خیال رہے کہ یہ ریلیف اسکیم  وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لیے متعارف کرائی تھی۔

editor

Related Articles