وادی سون میں پولیس نے غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں اب تک 19 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ 20 غیرقانونی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں علاقے میں قانون کی عملداری یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جاری ہیں۔
آپریشن کے دوران غیرقانونی افغان شہریوں کو پناہ دینے والے چار مکان مالکان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جب کہ سات دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ جو بھی شخص غیرقانونی مقیم افراد کو مکان یا دکان کرائے پر دے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیرقانونی مقیم فرد کو پناہ دینے یا سہولت فراہم کرنے سے گریز کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری اگر کسی مقام پر غیرقانونی افراد کی موجودگی کے بارے میں معلومات رکھتے ہوں تو فوراً اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔