وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی دستے تعینات کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اہم شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی نگرانی اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں، جو مختلف مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے ہیں۔
کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 450 سے زائد کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا،حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے شیشوں پر غیر قانونی طور پر کالے پیپر یا ایسی تبدیلیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہوں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ کالے شیشوں سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
قانون سب کیلئے برابر
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر نے کہا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس قانون کی یکساں اور بلاامتیاز عملداری یقینی بنا رہی ہے۔ کسی بھی شخص کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہریوں کیلئے محفوظ سفر
سی ٹی او کائنات اظہر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری ماحول فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے،ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف حادثات کی روک تھام میں مدد دیتی ہے بلکہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران قوانین کی پابندی کریں اور غیر ضروری طور پر گاڑیوں کے شیشوں پر کالے پیپر لگانے سے گریز کریں۔