سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایوان میں بیٹھ کر اسی کے خلاف سازش کرنے والے ملک کے دشمن ہیں ،انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی حرمت اور آئینی اتھارٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور پارلیمانی نظام کے استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اُن عناصر کو کھلا پیغام دیا جو ایوان کے کردار کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی منتخب نمائندہ فورم ہے اور اس کے خلاف کسی بھی سازش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے والے پہلے اپنے کردار پر نظر ڈالیں، کیونکہ ایوان کے اندر بیٹھ کر اسی ایوان کے خلاف سازشیں کرنے والے دراصل ریاستی نظام کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ پارلیمنٹ کو جعلی قرار دینے کی کوششیں ایک ڈرامہ ہیں جو اب مزید نہیں چل سکے گا بطور کسٹوڈین میری بنیادی ذمہ داری پارلیمنٹ کے قواعد، قانون، وقار اور بالادستی کا تحفظ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئین اور قانون کے خلاف کسی بھی قدم کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو قوتیں پارلیمنٹ کی ساکھ کمزور کرنے کی کوشش کرتی ہیں وہ جمہوری استحکام کے دشمن ہیں۔
ایوان کی توہین نہ صرف عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے بلکہ ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے بھی نقصان دہ ہے پارلیمنٹ کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے دراصل اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن قومی ادارے کسی کو جمہوری عمل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔