پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر انیتا کریم نے پاکستان میں ہونے والی پہلی پروفیشنل ویمنز ایم ایم اے فائٹ جیت کر کھیلوں کی تاریخ میں اپنا نام رقم کر لیا۔
یہ تاریخی مقابلہ اسلام آباد میں ’پروفیشنل ایم ایم اے لیگ (پی ایم ایل) انفائنٹ چیمپئن شپ‘ کے دوران منعقد ہوا، جو ملک میں خواتین کے کامبیٹ اسپورٹس کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ ویمنز 52 کلوگرام ٹائٹل فائٹ میں انیتا کریم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی پریسا شمس آبادی کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی فائٹرز چھا گئے
یہ فتح اس لحاظ سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب انیتا کریم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر پروفیشنل ایم ایم اے ٹائٹل جیتا، جس پر شائقین اور کھلاڑیوں کی جانب سے بھرپور داد دی گئی۔
ہنزہ سے تعلق رکھنے والی انیتا کریم پاکستان کی پہلی پروفیشنل خاتون ایم ایم اے فائٹر ہیں۔ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کے باعث پہلے ہی ایک مضبوط پہچان بنا چکی ہیں، جبکہ ان کی حالیہ کامیابی کو پاکستانی کھیلوں خصوصاً خواتین کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مکسڈ مارشل آرٹس ایک فل کانٹیکٹ کھیل ہے جس میں باکسنگ، گریپلنگ، کراٹے، برازیلین جیو جِتسو اور کک باکسنگ کی تکنیکیں شامل ہوتی ہیں، اور یہ کھلاڑیوں سے غیر معمولی جسمانی طاقت، مہارت اور ذہنی استقامت کا تقاضا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:موبائل اور بائیک بیچ کر تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ داؤد جان کا شاندار اعزاز

