ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ امریکی حکام ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں کے نتائج سے بچنے کے لیے تاریخ کو مسخ کرکے نیا گمراہ کن بیانیہ پیش کررہے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے 1979 کے ایرانی انقلاب کو امریکا کے ساتھ کشیدگی اور جنگ کے آغاز کی وجہ قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ 1979 کا ایرانی انقلاب دراصل ایرانی عوام کی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی کی تحریک تھا، اسے امریکا کے خلاف جنگ کے آغاز سے جوڑنا تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے مترادف ہے۔
ایرانی ترجمان نے کہا ایرانی عوام کے ذہنوں میں 1953 میں سی آئی اے کی حمایت سے ہونے والی بغاوت کی تلخ یادیں آج بھی موجود ہیں۔ امریکا اپنی پالیسیوں اور اقدامات کی تاریخ سے دستبردار نہیں ہوسکتا اور نہ ہی ایرانی عوام کے خلاف اپنی کارروائیوں کو نظرانداز کرسکتا ہے۔
اسماعیل بقائی نے امریکا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے دو مرتبہ مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف بلااشتعال فوجی جارحیت کی انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کارروائیوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور اعلیٰ حکام کو نشانہ بنایا گیا، خواتین اور بچے شہید و زخمی ہوئے جبکہ ملک کے اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ اس وقت فوجی اور سیاسی محاذ پر مشکلات سے دوچار ہے اور جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے اپنی ناکامیوں کو کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے ،ٹرمپ انتظامیہ ایک ایسا بیانیہ تشکیل دینا چاہتی ہے جس کے ذریعے جنگ کے نتائج اور اس کے سیاسی اثرات سے توجہ ہٹائی جاسکے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی سیاسی نظام کی اعلیٰ ترین سطح پر یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ انتخابی شکست کی بنیادی وجوہات میں شامل تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ امریکا طویل عرصے سے ایرانی قوم کے خلاف تاریخی دشمنی کو ہوا دیتا رہا ہے اور موجودہ کشیدگی کی ذمہ داری بھی امریکی فوجی جارحیت پر عائد ہوتی ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران کے خلاف امریکی اقدامات کو 1979 کے انقلاب سے جوڑ کر پیش کرنے سے ماضی کی مداخلتوں اور حالیہ فوجی کارروائیوں کی ذمہ داری ختم نہیں ہوسکتی۔ ان کے مطابق ایرانی عوام اپنی تاریخ، خودمختاری اور قومی وقار کے حوالے سے کسی بیرونی بیانیے کو قبول کرنے کے پابند نہیں ہیں۔