شہریوں کی حفاظت اور سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیف سٹی اتھارٹی لاہورنے ایک مفت قابلِ تحسین اور جدید اقدام متعارف کرایا ہے،نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت شہر کے مختلف اہم مقامات پر ایسے جدید پولز نصب کیے گئے ہیں جن میں ایک ہی جگہ پر متعدد مفت سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 30 مختلف مقامات پر ایمرجنسی موبائل فون چارجنگ پولز نصب کیے جا چکے ہیں،ان پولز کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ شہری بلا معاوضہ اپنے موبائل فون چارج کر سکتے ہیں ان پولز کی خصوصیت خاص طور پر اس وقت انتہائی مفید ثابت ہوتی ہے جب کسی کا فون ایمرجنسی کے دوران بند ہو جائے۔
اکثر ہنگامی صورتحال میں موبائل فون کا فعال ہونا مدد طلب کرنے، اپنوں سے رابطہ رکھنے اور بروقت اطلاع دینے کے لیے نہایت ضروری ہوتا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ محض 30 مقامات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مستقبل قریب میں اسے وسعت دیتے ہوئے 100 مختلف مقامات تک لے جایا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ان پولز کو شہر کے مصروف علاقوں، اہم سڑکوں، عوامی مقامات اور ایسے مقامات پر نصب کیا جا رہا ہے جہاں لوگوں کی آمد و رفت زیادہ ہوتی ہے۔
مفت موبائل چارجنگ کے ساتھ ساتھ ان پولز میں پینک بٹن کی سہولت بھی موجود ہے، کسی بھی خطرناک یا ہنگامی صورتحال میں شہری اس بٹن کو دبا کر فوری طور پر مدد طلب کر سکتے ہیں جس سے متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع مل جاتی ہے۔
ان پولز کے ذریعے فری وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے جو شہریوں کے لیے معلومات تک رسائی اور رابطے کو مزید آسان بناتی ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی کا یہ اقدام نہ صرف جدید شہری سہولتوں کی عکاسی کرتا ہے بلکہ عوامی تحفظ کے نظام کو بھی مضبوط بناتا ہے، مجموعی طور پر یہ منصوبہ لاہور کو ایک محفوظ، اسمارٹ اور عوام دوست شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔