یوکرین پر غیر منصفانہ امن معاہدہ مسلط کرنے کی کوشش نئی جنگ کا باعث بن سکتا ہے، میکرون کا انتباہ

یوکرین پر غیر منصفانہ امن معاہدہ مسلط کرنے کی کوشش نئی جنگ کا باعث بن سکتا ہے، میکرون کا انتباہ

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر کوئی بھی غیر منصفانہ امن معاہدہ مسلط کرنے کی کوشش خطے میں ایک اور تباہ کن جنگ کا سبب بن سکتی ہے ، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یورپ کیف کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔

فرانسیسی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں واضح کیا کہ جو ممالک یوکرین کے لیے امداد محدود کرنے یا بند کرنے کے خواہاں ہیں، وہ دراصل کیف کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر اس پر ایسا امن معاہدہ تھوپنا چاہتے ہیں جو سراسر غیر منصفانہ اور ایک طرفہ ہو۔

 ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کا زبردستی کا معاہدہ پائیدار امن کی ضمانت نہیں بلکہ مستقبل میں ایک نئی اور بڑی جنگ کے پھوٹ پڑنے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

 میکرون نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین کو اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع میں مدد فراہم کرنا نہ صرف یوکرین بلکہ فرانس سمیت پورے یورپ کے طویل المدتی تحفظ کے لیے بھی انتہائی ناگزیر ہے۔

میکرون نے مذاکراتی عمل میں یورپی یونین کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل کے امن مذاکرات میں یورپ کو اس کا بھرپور اور کلیدی کردار دیا جانا چاہیے۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا میں اچانک فضائی آپریشن ٹھپ! ہزاروں پروازیں رک گئیں،ریڈاراورایئر ٹریفک کنٹرول بھی متاثر

 انہوں نے اعلان کیا کہ فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ اور پولینڈ جیسے اہم یورپی ممالک آئندہ ہونے والے تمام امن مذاکرات میں پورے یورپ کی نمائندگی کریں گے، تاکہ یورپ کے اسٹریٹجک مفادات اور سلامتی کو ہر صورت محفوظ بنایا جا سکے۔

روس کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر الزام عائد کیا کہ وہ امن مذاکرات میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف روس امن کی باتیں کرتا ہے تو دوسری طرف سردیوں کے اس سخت موسم میں یوکرین کے معصوم شہریوں اور توانائی کے اہم بنیادی ڈھانچے کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اس انسانی بحران اور جنگی صورت حال کے پیش نظر یوکرین کو مسلسل مالی اور دفاعی امداد فراہم کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔

editor

Related Articles