پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق اور سائنسی تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ دونوں ممالک کے مشترکہ خلائی تعاون کے تحت پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیو چوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شین ژو 24 خلائی مشن سے متعلق لانچنگ مشق مکمل کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
پرواز سے قبل ہونے والی اس اہم مشق میں خلائی عملے کے تینوں ارکان نے حصہ لیا اور مشن سے متعلق مختلف آپریشنز انجام دیے۔ تربیتی سرگرمیوں کے دوران خلا بازوں نے خلائی جہاز کی روانگی سے متعلق طریقہ کار، تکنیکی مراحل اور باہمی رابطے کی مشق کی۔ مشق کا بنیادی مقصد خلائی پرواز سے پہلے عملے کی تیاری اور آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔
چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی عہدیدار کے مطابق مشترکہ مشق میں تینوں خلا باز پُرعزم دکھائی دیے اور انہوں نے تمام آپریشنز درست طریقے سے مکمل کیے۔ اس نوعیت کی مشقیں خلائی مشن کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے عملے کو حقیقی پرواز سے پہلے مختلف حالات میں کام کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔
پاک چین خلائی تعاون کے تحت پاکستانی خلاباز کی شمولیت اس مشن کو تاریخی اہمیت دے رہی ہے۔ پاکستان کے دو خلاباز امیدوار محمد ذیشان علی اور خرم داؤد چین میں اپنی خصوصی تربیت مکمل کرچکے ہیں۔
ان دونوں میں سے ایک کو حتمی طور پر منتخب کرکے شین ژو 24 مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شامل کیا جائے گا، جبکہ دوسرا متبادل خلاباز کے طور پر تیار رہے گا۔ تاحال حتمی منتخب خلاباز کے نام کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا
